بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان میانمار نہیں چوہدری نثار علی

پاکستان پرتسلط، اجارہ داری اور تھانیداری کے بھارتی عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ آئندہ ہوں گے، وفاقی وزیر داخلہ

بھارتی قیادت دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے اوربھارتی وزیروں کے نت نئے دھمکی آمیز بیانات سے پاکستان مرعوب نہیں ہوگا، چوہدری نثار فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان میانمار نہیں ہے اور ہماری مسلح افواج ہرقسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارتی وزیر مملکت راجیہ وردھن راٹھور کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت خطے میں امن چاہتے ہیں مگر بھارت کاتسلط اور اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان کے بارے میں غلط عزائم رکھنے والے کان اور آنکھیں کھولیں، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان میانمار نہیں اور ہماری مسلح افواج ہرقسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں خصوصی کردار اور تاریخ کو ایک طرف رکھ کر وزیراعظم نواز شریف نے خود نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور مذاکرات کے عزم کااعادہ کیا، اس کے بدلے میں مذاکرات کے تمام دروازے بند کردئیے گئے اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بمباری بھارتی پالیسی کاحصہ بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزرا کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات روز کا معمول بن گئے ہیں، بھارتی قیادت دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے، بھارتی حکومت یہ بھی سن لے ان کے وزیروں کے نت نئے دھمکی آمیز بیانات سے پاکستان مرعوب نہیں ہوگا، پاکستان پرتسلط، اجارہ داری اور تھانے داری قائم کرنے کے بھارتی عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ آئندہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی افواج نے میانمار میں اپنے ملک کے علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی جس پر بھارتی وزیرمملکت برائے اطلاعات راجیہ وردھن راٹھور نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لئے واضح پیغام قرار دیا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2tg8yg_ch-nisar_news
Load Next Story