برازیل نے کورین ٹیم پر دھاوا بول دیا

 فورمیگا اور مارٹا نے گولز کیے،فرانس نے انگلینڈ کو شکست دے دی، اسپین اور کولمبیا،میکسیکووکوسٹاریکا کے میچز برابر

اسپین اور کوسٹاریکا کی معرکہ آرائی بھی 1-1 سے تمام ہوئی۔ فوٹو : اے ایف پی

ویمنز فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل نے جنوبی کوریا کو 2-0 سے آؤٹ کلاس کردیا،فرانس نے انگلینڈ کو پہلی بار ابتدائی میچ میں شکست دیدی، دیرینہ حریف کیخلاف فتح کا40 سال پرانا انگلش انتظار مزید طویل ہوگیا، اسپین اور کولمبیا جبکہ میکسیکو اور کوسٹاریکا کے میچز برابر رہے۔

برازیل نے2007 کے رنر اپ جنوبی کوریا کو2-0 سے ہرایا، اگرچہ ایشین سائیڈ کو بھی گول کرنے کے کئی بہترین مواقع ملے لیکن وہ ان سے خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھا سکی،برازیلین پلیئرفابیانا کی ابتدائی کوشش پر بھی گیند کراس بار سے ٹکراگئی تھی،کرسٹینا نے29 اور 41ویں منٹ میں گول کرنے کے چانسز گنوائے، پہلے ہاف میں جنوبی کورین دفاعی پلیئرز کی غلطی نے فورمیگا کو گول کرنے کا نادر موقع فراہم کیا ۔


جس سے انھوں نے فائدہ اٹھا لیا، وہ ورلڈ کپ کی عمررسیدہ پلیئر بننے کیساتھ چھٹی مرتبہ شریک ہوکر زیادہ ایونٹ کھیلنے میں جاپانی اسٹرائیکر ہومیر ساوا کی ساجھے دار بھی بن گئی ہیں،وقفے کے بعد مارٹا نے پنالٹی پر گیند کو انتہائی اطمینان سے بائیں جانب سے گول پوسٹ میں پھینک دیا، انھیں یہ موقع باکس ایریا میں جنوبی کورین پلیئر چو شو کے فورمیگا کیخلاف فاؤل پر ملا تھا۔ دوسرے میچ میں فرانس نے انگلینڈ کو1-0 سے شکست دیدی، فیصلہ کن گول ایوگین لی سومار نے پہلے ہاف میں بنایا، انگلش ٹیم کو دیرینہ حریف فرانس کیخلاف کامیابی حاصل کیے ہوئے 40 سے زائد برس بیت چکے ہیں۔

اس نے آخری مرتبہ فرنچ ویمنز فٹبال ٹیم کیخلاف کامیابی 1974 میں حاصل کی تھی، انگلش ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنا افتتاحی میچ ہاری ہے، کوالیفائنگ مرحلے کے تمام 10 میچز جیتنے والی فرنچ ٹیم کا دوسرا مقابلہ ہفتے کو کولمبیا سے ہوگا، ٹیم نے اس سے قبل 2011 کے کوارٹر فائنلز میں بھی انگلینڈکو ہرادیا تھا۔کولمبیا اور میکسیکو کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، میکسیکو کیلیے پیریز نے پہلے گول کیا جبکہ کولمبیا کا خسارہ مونٹویا نے ختم کردیا، اسپین اور کوسٹاریکا کی معرکہ آرائی بھی 1-1 سے تمام ہوئی۔
Load Next Story