وفاق کو جگانے کی کوشش میں قائم علی شاہ خود سوگئے

پانی کی فراہمی کےمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بریفنگ اور تقاریر بے نیاز وزیر اعلیٰ سندھ نیند کے مزے لیتے رہے

پلٹنا، جھپٹنا اور پھر سنبھلنا تو اب سائیں سے نہیں ہوتا لیکن نیند پوری لیتے ہیں فوٹو : فائل

PESHAWAR:
سندھ میں کوئی تقریب ہو یا اہم اجلاس، موقع کوئی بھی ہو حکمراں اور افسر شاہی عوام کو ضرور بھول جاتے ہیں۔ گزشتہ روز پانی کی فراہمی کے اہم ترین منصوبے کے 4 کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی ایسا ہی ہوا جب بریفنگ اور تقاریر کے آواز سے بے نیاز ہوکر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ خوابوں کی دنیا میں کھوگئے اور نیند کے خوب مزے لیے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پلٹنا، جھپٹنا اور پھر سنبھلنا تو اب سائیں سے نہیں ہوتا لیکن نیند پوری لیتے ہیں کیونکہ سائیں تو سائیں ، سائیں کی نیند بھی سائیں ہے۔ پھر سونے پر سہاگہ یہ کہ سائیں کے ماتحت انتظامی افسران بھی سائیں کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔ سندھ سیکریٹریٹ میں تمام انتظامی محکموں کے سیکریٹریز درپیش مسائل کے حل کے لیے اجلاس میں موجود تھے لیکن چیف سیکریٹری کے عین برابر بیٹھے کمشنر کراچی شعیب صدیقی مزے سے سوتے رہے۔ برابر میں بیٹھے چیف سیکریٹری کی تقریر اور افسران کی آوازیں بھی کمشنر کراچی کو بیدار نہ کرسکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ ہوں یا انتظامی افسران، اہم تقاریب میں ان کا نیند میں چلا جانا کوئی نئی بات نہیں، مگر عوام کی خواہش ہے کہ وہ خوابوں سے باہر نکلیں تاکہ عوامی مسائل حل ہوسکیں۔

 

Load Next Story