ملالہ کی حالت بہتر شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سیاسی قیادت کریگیفوجی ترجمان

ملالہ کیلیے ابھی بھی آئندہ چوبیس گھنٹے اہم ہیں،سر پر زخم کی وجہ سے صحت یابی میں وقت لگے گا


News Agencies/Numainda Express October 14, 2012
ملالہ کی حالت اطمینان بخش ہے ، اس نے ہاتھ پائوں ہلائے ہیں ، ونٹیلیٹرہٹانے کا فیصلہ آج کیا جائیگا ، علاج کیلیے بیرون ملک بھجوائے جانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بارے میں سیاسی قیادت نے فیصلہ کرناہے ۔

ہفتے کوپریس بریفنگ کے دوران جب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ سے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم راتوں رات فیصلے نہیں کرتے ،ہم طویل عرصہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ۔ ملالہ یوسفزئی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ملالہ کی حالت اطمینان بخش ہے ، اس نے ہاتھ پائوں ہلائے ہیں ۔

وہ بدستور وینٹی لیٹر پر ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اس کی حالت پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔ ان کے سر پر زخم آئے ہیں جس کی صحتیابی میں وقت لگے گا ، ملالہ کو غنودگی کی ادویہ کم کر دی گئی ہیں ۔ انھوںنے کہاکہ ملالہ کو علاج کیلیے بیرون ملک بھجوائے جانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا ،ضرورت پڑنے پر اس بارے میں فیصلہ کیاجا سکتاہے ۔ ملالہ کو ونٹیلیٹر سے ہٹانے کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔ ڈاکٹروں کا پینل ان کی مسلسل نگہداشت کر رہاہے ۔

نیوروسرجنزملالہ کے رسپانس سے مطمئن ہیں ۔ملالہ کے ساتھ زخمی ہونے والی شازیہ اورکائنات کی بھی دیکھ بھال کی جا رہی ہے ، دونوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔ملالہ پر حملے کے سلسلے میں گرفتاریاں کی گئی ہیں ۔ بی بی سی کے مطابق پاک فوج کے بیان میں کہاگیا کہ ملالہ کی صحت بدستور اطمینان بخش ہے اور ان کے اہم اعضا بالکل ٹھیک ہیں ۔ آن لائن کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملالہ کیلیے ابھی بھی آئندہ چوبیس گھنٹے اہم ہیں ۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ کے دماغ کی سوجن کم ہو رہی ہے اور ملالہ درد کومحسوس کر رہی ہے اور وہ اعضاکوحرکت بھی دے سکتی ہے ۔ ڈاکٹروں نے اس کی کیفیت کو مثبت قرار دیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں