بھارت کے جارحانہ عزائم

بھارت کی یہ خواہش تو پوری طرح عیاں ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء کی سپر طاقت بننا چاہتا ہے


Editorial June 12, 2015
پاک فوج نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ فوٹو : فائل

NAINITAL, INDIA: بھارت میں جب سے نریندر مودی برسراقتدار آئے ہیں 'اس وقت سے بھارتی حکومت کی پاکستان کے بارے میں جارحانہ پالیسی میں بہت زیادہ شدت پیدا ہو گئی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ دنوں بنگلہ دیش کے دورے کے دوران اعلان کیا کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انھوں نے مکتی باہنی کے شانہ بشانہ جدوجہد بھی کی ہے۔

اس سے پہلے کسی بھارتی وزیراعظم نے ایسی بات نہیں کی۔ اب بھارتی فوج نے میانمار (برما) میں فوجی کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔ اس فوجی کارروائی کا جواز یہ پیش کیا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں میں بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں باغیوں نے ایک کارروائی میں متعدد بھارتی فوجی ہلاک کیے تھے۔ یہ باغی بھارت کی برما سے متصل سرحد کے قریبی علاقے میں موجود تھے ،جہاں بھارت نے کارروائی کر کے مطلوبہ باغیوں کو ہلاک کیا ہے۔

بھارت نے چین پر بھی الزام لگایا ہے کہ وہ باغیوں کی مدد کر رہا ہے۔ گو بھارت کی فوجی کارروائی کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ جھوٹ ہے اور بھارت نے اپنے قد کاٹھ کو بڑھانے کے لیے جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔ بھارتی کارروائی کی جھوٹی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

یہ سب کچھ اپنی جگہ لیکن گزشتہ روز بھارت کے وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات کرنل (ر ) راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ میانمار میں بھارتی فوج کی کارروائی پاکستان سمیت ان تمام ممالک کے لیے ایک پیغام ہے جہاں بھارت مخالف شدت پسند نظریات والے لوگ بستے ہیں، سرحد پار کارروائی کا فیصلہ وزیرِاعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔

اس سوال پر کہ کیا بھارت پاکستان میں ایسی کارروائی کر سکتا ہے؟ کہا کہ یہ پاکستان سمیت تمام ممالک اور تنظیموں کے لیے ایک پیغام ہے جو بھارت کے خلاف دہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں۔ پاکستان سے ہمیں خطرہ محسوس ہوا تو حملے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ہم اپنی منتخب جگہ اور وقت پر کارروائی کریں گے۔ مغربی رکاوٹوں سے بھی یکساں طور پر نمٹا جائے گا۔

ادھر بھارتی وزیر ماحولیات پرکاش جاوادیکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں بھارتی فوج کی کارروائی تمام دہشتگرد گروپوں کے لیے ایک سبق اور پیغام ہے کہ بھارت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے لیے اپنی سرحدوں سے باہر جانے سے ہچکچائے گا نہیں۔یہ ایسے بیانات ہیں جنھیں کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

بھارت نے برما میں کارروائی کی ہے یا نہیں کی لیکن ان کے اہم وزراء نے جو کچھ کہا ہے وہ بہت سے خطرات کی نشاندہی کر رہا ہے۔گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس میں بھارت کی طرف سے حالیہ جارحانہ بیانات بشمول پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی ظاہری اور درپردہ کارروائیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی سیاستدان نہ صرف ایسے اقدامات میں ملوث رہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے بلکہ وہ دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر فخر بھی محسوس کرتے ہیں۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی عزائم کو شکست فاش دی جائے گی اور پاکستان کی علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ ملک کے خلاف کسی بھی مس ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بھارت کے عزائم اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے ہیں 'بھارت کی یہ خواہش تو پوری طرح عیاں ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء کی سپر طاقت بننا چاہتا ہے۔ یہ بھارتی قیادت کا پرانا خواب ہے۔ اندرا گاندھی نے پاکستان کو دولخت کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔یہ بھی دراصل بھارت کی توسیع پسندی کی پالیسی کا حصہ تھا۔ راجیوگاندھی کے دور میں بھارت نے سری لنکا میں فوج اتاری۔ اس وقت بظاہر یہ کہا گیا کہ تامل باغیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے لیکن عملاً اس کارروائی کا مقصد عالمی سطح پر یہ پیغام دینا تھا کہ بھارت اس خطے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

بھارت نے مالدیپ میں بھی فوجی کارروائی کی تھی ' اب اس نے میانمار(برما) میں بھی کارروائی کا پروپیگنڈا کیا ہے۔ میانمار (برما )کی حکومت نے بھی اس قسم کی کارروائی کی تردید کی ہے 'عالمی میڈیا نے بھی بھارتی کارروائی کا پول کھول دیا ہے لیکن اس سے ایک بات بہر حال ظاہر ہے کہ بھارت کے پالیسی ساز اپنی توسیع پسندی کی پالیسی کو ترک نہیں کر رہے ۔وہ پاکستان کے خلاف مسلسل جارحانہ پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔ بھارت اس خطے میں جنگ کے بادل بھڑکانا چاہتا ہے۔

پاک فوج نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ بلاشبہ پاکستان کی حکومت اور عوام پاک فوج کے ساتھ ہیں 'عالمی برادری کا بھی فرض ہے کہ وہ بھارت کی جارحانہ پالیسی کا نوٹس لے اور بھارت کو سخت الفاظ میں انتباہ کیا جائے کہ وہ خطے میں امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش نہ کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں