ملالہ حملہ غیرملکی سمیت مزید4گرفتار وکلا کی ملک گیر ہڑتال

نوشہرہ سے گرفتار ملزمان میں تین سگے بھائی بھی شامل ، تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے


Numaindgan Express October 14, 2012
نوشہرہ سے گرفتار ملزمان میں تین سگے بھائی بھی شامل ، تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ فوٹو: فائل

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملالہ حملہ کیس میں غیر ملکی سمیت مزید چار افراد کو گرفتار کر لیا ۔

پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملالہ پر حملے کیخلاف وکلا نے ملک بھر میں یوم مذمت منایا اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ ملالہ حملہ کیس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سوات سے گرفتار ہونے والے افراد کی نشاندہی پر نوشہرہ میں آپریشن کیا اور3سگے بھائیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ۔ تینوں ملزمان عرفان ، عبدالحاجی اور انعام کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جو سوات کے علاقے مینگورہ کے رہائشی ہیں ۔ ایک غیرملکی باشندہ بھی شامل ہے ۔

ملزمان کو پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ ملزمان سے برآمد ہونیوالا اسلحہ اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں ۔ اس سے قبل ملالہ کے اسکول کے چوکیدار اور اکائونٹنٹ سمیت4افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ ابتک ملالہ پر حملے کے الزام میں 200 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے تحقیقات جاری ہے ۔

دریں اثنا پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملالہ پر حملے کیخلاف وکلا نے ملک بھر میں یوم مذمت منایا ۔وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ، بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں ، بار رومز پر سیاہ پرچم لہرائے ، بار ایسوسی ایشنوں کے اجلاسوں میں ملالہ یوسفزئی پر حملے کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں جبکہ وکلا رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملالہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں،لاہور بار کی ہڑتال کے باعث تمام جوڈیشل افسروں نے اپنے چیمبروں میں بیٹھ کر مقدمات اور دعویٰ جات کی فائلوں پر آئندہ کی تاریخیں ڈالیں ۔

ننکانہ ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، کراچی، سکھر، کوئٹہ ، پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔ بعض شہروں میں وکلاء نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور ملالہ کی صحتیابی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں ۔ سوات میںملالہ اور ان کی ساتھی طالبات پر حملہ کیخلاف سوات قوی جرگہ اور سول سوسائٹی کے زیراہتمام مظاہرہ کیا گیا اور جلوس و ریلیاں بھی نکالی گئیں ۔ مظاہرین نے ملزموں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ جرگہ کے ارکان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ ، کائنات اور شازیہ پر حملہ میں ملوث ملزموں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں