زمبابوے کے بینکوں کی کل دولت 5 امریکی ڈالر کے برابر

ایک امریکی ڈالر 35 کوارڈریلین زمبابوے ڈالر کے برابر ہے، مرکزی بینک


ویب ڈیسک June 12, 2015
زمبابوے کی معیشت 2008 سے بدترین دور سے گزر رہی ہے، فوٹو فائل

زمبابوے کی دم توڑتی معیشت اپنی تاریخ کے خراب ترین موڑ پر پہنچ کر ہائپر افلیشن کا شکار ہوگئی ہے جہاں ملک میں موجود کل بینک اکاؤنٹس کی مالیت 175 کوارڈرلین زمبابوین ڈالرہے جو کہ 5 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

زمبابوے کے مرکزی بینک کے مطابق صدر رابرٹ موگابے نے مقامی کرنسی کی مالیت کوارڈریلین ڈالر کو چند امریکی ڈالر کے عوض تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بے قیمت ہوتی ہوئی کرنسی کو سہارا دیا جاسکے۔ زمبابوے ڈالر کو امریکی اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں تبدیل کرنے کا آغاز 2009 سے جاری ہے جب ملک کی معیشت ہائپر افلیشن کا شکار ہوگئی تھی جس کا تناسب 500 ارب فیصد تک پہنچ گیا تھا اور لوگ ڈبل روٹی اور دودھ کی خریداری کے لیے بھی پلاسٹک بیگ میں رقم بھر کر لے جایا کرتے تھے۔

مرکزی بینک کے جاری بیان کے مطابق جن لوگوں کے بینک اکاؤنٹ مارچ 2009 سے قبل زمبابوین ڈالر میں تھے وہ اپنے بینک سے رابطہ کر کے ان نوٹوں کو ڈالر میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ بیان کے مطابق اس کا مقصد مقامی کرنسی کو ختم کرکے امریکی ڈالر میں تبدیل کرنا ہے جب کہ اس وقت بینکوں میں موجود رقم کی کل مالیت 175 کوارڈریلین زمبابوے ڈالر ہے جو کہ 5 امریکی ڈالر کے برابر ہے اس کا مطلب ہے کہ ایک امریکی ڈالر 35 کوارڈریلین زمبابوے ڈالر کے برابر ہے۔

مرکزی بینک نے تمام اکاؤنٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ جن کے پاس قدیم زمبابوین ڈالر ہیں وہ کسی بھی بینک سے ہر 250 ٹرئلین بینک نوٹ کے عوض ایک امریکی ڈالر حاصل کرسکتے ہیں اس کا مطلب ہے کہ جس شخص کے پاس 100 ٹریلین کے نوٹ ہیں وہ بینک کو دے کر اس کے بدلے 40 امریکی سینٹ حاصل کر سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں