کراچی میں 2 روزہ ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو‘‘ آج شروع ہوگی

27 نامورتعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات مختلف مقابلوں میں حصہ لینگے، دلکش اسٹالزسج گئے


کانفرنس کا افتتاح کمشنر کراچی کریں گے،مہمان اعزازی چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ہونگے فوٹو : فائل

KARACHI: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام 2 روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو'' کا آغاز آج صبح ایکسپو سینٹرکراچی میں ہوگا، کانفرنس کا افتتاح کمشنر کراچی شعیب صدیقی کریں گے جبکہ مہمان اعزازی چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی ہونگے۔

اسلام آباد کی کامیاب ایجوکیشن ایکسپوکے بعد کراچی میں بھی ریکارڈ تعداد میں اسپانسرز اورتعلیمی ادارے اس میگا ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیںقومی سطح کے 27 نامور تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات مختلف مقابلوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ اسپانسر ادارے اپنے دیدہ زیب اور دلکش اسٹالزسجا کر نوجوانوں کو شاندار مستقبل اور تعلیمی کیریئر کے حوالے سے رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیں گے گزشتہ روز ایکسپو سینٹرمیں تمام دن طلبا و طالبات کی گہما گہمی رہی اور وہ مختلف ایونٹس کی ریہرسل میں مصروف رہے اورانتہائی پرجوش نظر آئے ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے نوجوانوں نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے ایجوکیشن ایکسپو کے پلیٹ فارم سے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرکے قومی خدمت کا اہم فریضہ سر انجام دیا ہے۔

ایسے بامقصد ایونٹ قوموں کی زندگی میں اہمیت رکھتے ہیں خاص طور پر نوجوانوں کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں۔تمام شعبوں کے افراد اور فیملیز کیلیے ہردلعزیز''ایکسپریس فیملیزفیسٹیول'' کی شاندار کامیابیوں کے بعد ایجوکیشن ایکسپو کا مسلسل انعقاد ایکسپریس میڈیاگروپ کی شاندارکاوش اور کامیابی ہے۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں پہلے دن کی تقریبات کا آغاز آج9 بجے صبح تعلیمی اداروں کے تعارفی مارچ پاسٹ سے ہوگا9:45 پر ''ڈرامیٹک''مقابلوں میں پاکستانی ثقافت اور آرٹ کے حوالے سے اسٹیج ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔سینئر اسٹیج آرٹسٹ قاضی واجد اور شہزاد رضاججز کے فرائض سر انجام دیں گے۔ڈاکیو مینٹری، شارٹ فلمز، ایڈکمپٹیشن اور روایتی، ثقافتی ڈانس مقابلے بھی پہلے دن کے پروگراموں کا حصہ ہوں گے۔

بروز اتوار گلوکاری مقابلوں میں ججزکے فرائض ممتاز غزل گائیک غلام عباس (تمغہ امتیاز) اور مظہر امراؤ بندو خان سر انجام دیں گے جدید موسیقی کے مقابلے ''بیٹل آف بینڈز'' کے عنوان سے ہوں گے اس موقع پر ممتاز گلوکار علی حیدر اور تنویر آفریدی ججز کے فرائض سر انجام دیں گے۔ فیشن شو بھی دوسرے دن کے اہم مقابلوں کا حصہ ہوگا۔معروف ماڈل اور فیشن ڈیزائنرشیزا رضوان اور حانیہ خان ججز کے فرائض سر انجام دیں گی۔مزید رہنمائی کے لیے ایونٹ کوآرڈینیٹر سے 03135299135 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں