آپریشن ضرب عضب کو ایک سال مکمل2763دہشت گرد ہلاک347 جوان شہید

آپریشن’’ضرب عضب‘‘ کا دائرہ پاک افغان سرحد تک پہنچادیا گیا جب کہ اس دوران 347 افسراور جوان شہید ہوئے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک June 13, 2015
آپریشن ضرب عضب کے دوران 9 ہزار خفیہ اطلاعات پرآپریشن کئے گئے، آئی ایس پی آر. فوٹو:افائل

KARACHI: آپریشن ضرب عضب کو ایک سال مکمل ہونے پرپاک فوج نے اس کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق آپریشن کے دوران 2 ہزار 763 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 837 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔





ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران 347 افسر اور جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سال میں فاٹا اور خاص طورپرشمالی وزیرستان اورخیبرایجنسی میں واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پاک افغان سرحد کے قریب تک پہنچ چکا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 2 ہزار763 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 837 ٹھکانے تباہ کرتے ہوئے 253 ٹن بارودی مواد برآمد کیا جاچکا ہے۔







ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران 9 ہزار خفیہ اطلاعات پرآپریشن کئے گئے جس کے دوران ہزاروں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو حراست میں لیا گیا جب کہ مختلف شہروں میں کارروائی کے دوران 218 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں میں سرچ آپریشن کے دوران 1808 ہتھیار برآمد کئے گئے جن میں ایچ ایم جی، ایل ایم جی، اسنائپرز رائفلز، راکٹ لانچر اور اے کے 47 شامل ہیں۔









آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا جب کہ ملک میں چینی صدر کی آمد، زمبابوے کرکٹ ٹیم اور دیگر ممالک کی اہم شخصیات کے دورے اور پاک چین اقتصادری راہدای منصوبے آپریشن ضرب عضب کے نتائج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے جب کہ میڈیا اور سول سوسائٹی کا کردار بھی مثبت ہے۔





تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں