سری لنکا سے پہلا ٹیسٹ قومی ٹیم آج سے مشقوں کا آغاز کرے گی

گرین کیپس ہیڈ کوچ وقار یونس کی رہنمائی میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی خامیاں درست کرنے کے لیے سرگرم رہیں گے

گال میں موسم کی مداخلت بھی کھیل کو متاثر کرسکتی ہے، فوٹو : فائل

پاکستان ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے پیرسے مشقوں کا آغازکرے گی،کولمبو میں بے نتیجہ وارم اپ میچ کے بعد مہمان کھلاڑیوں نے گال میں ڈیرے ڈال دیے۔

کولمبو میں 3روزہ وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد پاکستان ٹیم بدھ کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے گال پہنچ گئی۔ سیریز کے پہلے مقابلے سے قبل دونوں ٹیموں کو پریکٹس کے لیے دو دن ملیں گے، گرین کیپس اس دوران ہیڈ کوچ وقار یونس اور معاون اسٹاف کی رہنمائی میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی خامیاں درست کرنے کے لیے سرگرم رہیں گے، ٹور میچ میں محمد حفیظ کے سوا دیگر بیٹسمین اپنے بیٹ سے گرد جھاڑنے میں کامیاب ہوگئے تھے، تاہم متاثرکن نظر نہ آنے کے باجود بولنگ کی اضافی خوبی اور بطور اوپنر تجربے کی وجہ سے ان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، احمد شہزاد ان کے ساتھ اننگزکا آغازکرسکتے ہیں، بھرپور فارم میں نظر آنے والے اظہر علی تیسرے،تجربہ کار یونس خان چوتھے اورکپتان مصباح الحق پانچویں نمبر پربیٹنگ کے لیے اولین انتخاب کے طور پر موجود ہیں، ان کے بعد باصلاحیت اسد شفیق اور یو اے ای میں شاندار کارکردگی سے کئی بار میچ کا پانسہ پلٹنے والے سرفرازاحمدکریزسنبھالنے کے لیے آئیں گے۔


بولنگ میں وہاب ریاض میچ فٹ ہوئے تو جنید خان یا دوسری صورت میں عمران خان کا انتخاب ہوگا، مینجمنٹ کو تیسرا پیسر اور یاسر شاہ میں سے کسی ایک کو کھلانے کا فیصلہ بھی کرنا ہوگا، لیگ اسپنر کو نہ کھلانے کی صورت میں محمد حفیظ کے کندھوں پر اسپنرکاخلا پرکرنے کا اضافی بوجھ پڑجائیگا،کولمبو پریکٹس میچ میں میزبان لیگ اسپنر جیفری وینڈرسے نے 8، ذوالفقار بابر نے 6 شکار کیے، یاسر شاہ پہلی اننگز کے آخری لمحات میں صرف 2وکٹیں حاصل کرسکے،تاہم یواے ای اور بنگلہ دیش میں بولنگ اچھی رہی تھی، ان کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا فیصلہ پچ کی صورتحال دیکھ کرکیا جائیگا جس میں کپتان مصباح الحق کی رائے خاص اہمیت کی حامل ہوگی۔

حبس زدہ موسم میں ماضی میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کریمپس پڑنے پر فٹنس مسائل کا شکار ہوتے رہے ہیں، اس بار بھی بیشتر بحالی کے بعد منتخب ہوئے،ان کو سپر فٹ رکھنا منیجمنٹ کے لیے ایک چیلنج ہوگا، دوسری جانب میزبان اسکواڈ نے بھی گال میں ڈیرے ڈال لیے،کھلاڑی میچ سے قبل ملنے والے وقت کو کار آمد بناتے ہوئے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کام کرینگے، گال میں موسم کی مداخلت بھی کھیل کو متاثر کرسکتی ہے، پیش گوئی کے مطابق بدھ کی صبح بارش اور بعد ازاں بھی دن بھر بادلوں کی آنکھ مچولی اور رم جھم کا خدشہ موجود رہے گا، ٹیسٹ میچ کے باقی دنوں میں بھی موسم کی خرابی کھیل میں رکاوٹ کا سبب بن سکتی ہے۔
Load Next Story