ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا شاندار اختتام

ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کو ہمیشہ سے زیادہ پذیرائی ملی اور عوام کا زبردست جوش و خروش پایا گیا

ایکسپریس میڈیا گروپ ہمیشہ عوام کے دل کی آواز بن کر ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔ فوٹو : فائل

لاہور:
ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو جاری رہنے والی ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو 2 روزہ نمائش اپنی مکمل آب وتاب اور خوبصورت یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ ایکسپریس میڈیا گروپ ہر طبقہ زندگی کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کرتا آیا ہے اور طلبا جو ہمارے مستقبل کا معمار ہیں ان کی ایجوکیشن اینڈ کیریئر کے حوالے سے کاؤنسلنگ و پروگرام ایکسپریس کی روایت کا حصہ بن چکے ہیں۔ مذکورہ ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کو ہمیشہ سے زیادہ پذیرائی ملی اور عوام کا زبردست جوش و خروش پایا گیا۔

آخری روز عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس نمائش سے نہ صرف لطف اندوز ہوئے بلکہ ہزاروں طلبا نے تعلیمی کیریئر کے حوالے سے منفرد و مفید معلومات اور رہنمائی حاصل کی۔ شرکا نے کامیاب نمائش پر ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کراچی کے موجودہ حالات کے باوجود ایکسپریس نے ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس مرتبہ بھی کامیاب نمائش کا انعقاد کیا ہے، اس سے نہ صرف شہریوں کو صحت مندانہ تفریح فراہم ہوئی، بلکہ تعلیمی اداروں اور طلبا کے درمیان یہ نمائش رابطے کا موثر ذریعہ ثابت ہوئی ہے اور ہزاروں طلبا نے اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے تعلیمی گائیڈ لائن بھی حاصل کی ہے۔


نمائش میں نہ صرف اسٹال اور مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا تھا بلکہ دوسرے اور آخری روز موسیقی اور فیشن شو کے مقابلے بھی ہوئے، میوزک کے مقابلوں میں مختلف اداروں اور جامعات کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ایکسپریس میڈیا گروپ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتا رہا ہے اور اپنی روایت برقرار رکھے گا، اگر دیگر ادارے بھی نئے فنکاروں کو مواقع فراہم کریں تو ان کا مستقبل روشن ہوگا۔ تمام شرکاء کا خیال تھا کہ کراچی کے موجودہ حالات میں اتنے بڑے پیمانے پر ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا انعقاد غیر معمولی عمل ہے۔

تقریب کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں جب کہ ججز کو بھی ایکسپریس کی جانب سے شیلڈز پیش کی گئیں۔ ایکسپریس میڈیا گروپ اس شہر پرآشوب کی پرانی رونقیں بحال کرنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کرنے میں پیش پیش ہے۔ کراچی کے امن کو ایک سازش کے ذریعے سبوتاژ کیا گیا ہے لیکن شہریوں کا کسی بھی ایونٹ پر جوش و خروش و ولولہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ زندہ دل قوم اپنی تمام تر امنگوں کے ساتھ ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنادے گی۔ ایکسپریس میڈیا گروپ ہمیشہ عوام کے دل کی آواز بن کر ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔
Load Next Story