محض 2 میٹر رقبے پر محیط دنیا کا سب سے چھوٹا پارک

امریکا کی ساحلی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں واقع مل اینڈز کو 1976 میں باقاعدہ پارک کا درجہ دیا گیا

پارک میں صرف ایک درخت اور چند پودے لگانے کی گنجائش ہے فوٹو : فائل

مِل اینڈز پارک امریکا کی ساحلی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں واقع ہے۔

اس پارک کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں آپ نہ تو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاری کے لیے جاسکتے ہیں، نہ ہی یہاں آپ جاگنگ کا شوق پورا کرسکتے ہیں اور نہ ہی درخت کے سائے تلے کسی بنچ پر بیٹھ کر کسی اہم مسئلے پر غور و فکر کرسکتے ہیں، کیوں کہ یہ دنیا کا سب سے چھوٹا پارک ہے جس کا رقبہ محض دو میٹر ہے۔ دو سڑکوں کی درمیانی جگہ پر واقع پارک میں صرف ایک درخت اور چند پودے لگانے کی گنجائش ہے۔ اس کے باوجود یہ پورٹ لینڈ سٹی کے معروف ترین مقامات میں سے ایک ہے۔

دو میٹر قطر پر مشتمل زمین کا یہ ٹکڑا دراصل بجلی کے کھمبے کے لیے مختص کیا گیا تھا، مگر کسی وجہ سے یہاں کھمبا نصب نہیں کیا جاسکا۔ بہ تدریج یہاں خود رَو پودے اور گھاس پُھوس اُگ آیا۔ سڑک کے پار اوریگن جرنل نامی روزنامے کا دفتر تھا۔ مشہور کالم نگار ڈک فیگن اسی روزنامے سے وابستہ تھا۔ ایک روز دفتر جاتے ہوئے ڈک کی نگاہ اس مختصر سے قطعۂ ارضی پر پڑی، جس میں گھاس پُھوس اُگی ہوئی تھی۔


اگلے روز فیگن نے گھاس پُھوس صاف کرکے یہاں چند پودے لگادیے۔ اس نے اپنے کالم میںاس مختصر سی جگہ کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے '' مِل اینڈز پارک'' کا نام دے دیا۔

فیگن نے پارک کے حوالے سے ایک قصہ بھی گھڑ لیا تھا کہ ایک روز وہ اپنے دفتر کی کھڑکی سے باہر جھانک رہا تھاکہ اسے ایک بونا اس جگہ پر کُھدائی کرتا ہوا نظر آیا۔ وہ بھاگم بھاگ وہاں پہنچا اور بونے کو پکڑ لیا۔ بونے نے فیگن کو پیش کش کی اگر وہ اسے چھوڑ دے تو اس کی ایک خواہش پوری ہوسکتی ہے۔ فیگن نے اس سے کہا وہ چاہتا ہے کہ اس کا ذاتی پارک ہو، مگر سائز نہیں بتایا تھا۔ چناں چہ بونے نے اس چھوٹی سی جگہ کو پارک بنادیا۔

فیگن کی موت 1969ء میں کینسر کے ہاتھوں ہوئی تھی، مگر اس وقت تک مل اینڈز پارک کا شمار پورٹ لینڈ کے معروف ترین مقامات میں ہونے لگا تھا۔ مل اینڈز کو 1976ء میں باقاعدہ پارک کا درجہ دیا گیا۔ گزرے برسوں کے دوران مقامی رہائشی بھی پارک کی تزئین و آرائش کے لیے کوششیں کرتے رہے ہیں۔

کبھی کسی نے یہاں ننھے ننھے سوئمنگ پول بنادیے، کوئی تتلیوں کے لیے ڈائیونگ بورڈز لے آیا تو کسی نے چھوٹے چھوٹے مجسمے لگا کر سجادیے۔ گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز نے 1971ء میں مل اینڈز کو دنیا کا سب سے چھوٹا پارک تسلیم کیا تھا۔ یہ اعزاز آج بھی برقرار ہے۔
Load Next Story