پٹرولیم کی کہیں بھی کوئی قلت نہیں وزارت پٹرولیم

ملک میں تقریباً 1لاکھ ٹن پٹرول کا ذخیرہ موجود ہے جو ملک کی موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے، وزارت پٹرولیم

اب تک 1لاکھ 55 ہزار 563 ٹن درآمد کیا جا چکا ہے جبکہ 2 لاکھ 37 ہزار 437 ٹن 16 سے 30 جون تک درآمد کرنے کا ارادہ ہے،وزارت پٹرولیم۔ فوٹو: فائل

وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے الیکٹرانک میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے ملک میں پٹرولیم کی قلت کے بارے میں بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ایسی خبروں سے عوام میں بے چینی اور ابہام پیدا ہوا ہے۔


پیر کو ایک بیان میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے اس قسم کی بے بنیاد خبروں کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ملک میں پٹرولیم کی کہیں بھی کوئی قلت نہیں ہے، اس وقت ملک میں تقریباً 1لاکھ ٹن پٹرول کا ذخیرہ موجود ہے جو ملک کی موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے جس میں سے 61 ہزار ٹن پٹرول فوری طورپر اندرون ملک دستیاب ہے، مزید برآں جون 2015 کے لیے درآمدی منصوبہ 3 لاکھ 93 ہزار ٹن ہے، اب تک 1لاکھ 55 ہزار 563 ٹن درآمد کیا جا چکا ہے جبکہ 2 لاکھ 37 ہزار 437 ٹن 16 سے 30 جون تک درآمد کرنے کا ارادہ ہے۔

وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے پٹرول کی درآمدات میں تاخیر یا رکاوٹوں کے بارے میں خبروں کو بھی من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام درآمدات شیڈول کے مطابق ہیں اور بروقت پہنچیں گی، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا ایک بحری جہاز 30 ہزار ٹن پٹرول لے کر گزشتہ شب پہنچ چکا ہے جبکہ شیل پاکستان لمیٹڈ کا جہاز بھی پیر کو گودی پر پہنچ چکا ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل تمام فریقین کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
Load Next Story