نوید عالم کو قومی ہاکی سلیکٹر مقررکرنے کا فیصلہ

کانگریس اجلاس میں تاحیات پابندی ختم کرتے ہوئے عہدے کی پیشکش ہو گی


کانگریس اجلاس میں تاحیات پابندی ختم کرتے ہوئے عہدے کی پیشکش ہو گی ۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نوید عالم کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا،کانگرس کے اجلاس میں تاحیات پابندی اٹھانے کی منظوری کے بعد سابق اولمپئن کو سلیکٹر کے عہدے کی پیشکش ہوگی۔

یاد رہے کہ اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کے لیے قومی ٹرائلز سے ایک روز قبل سلیکٹر ارشد علی چوہدری حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے، ان کی جگہ نوید عالم کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم پی ایچ ایف کو اس وقت سابق کانگریس کی جانب سے نوید عالم پر تاحیات پابندی کا مسئلہ درپیش ہے، ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی کانگرس کا اجلاس عنقریب بلایا جائے گا جس میں مستقبل کے پروگرامزکو عملی جامہ پہنانے کیلیے حکومت کی طرف سے گرانٹ ملنے، کھلاڑیوں کے یومیہ الائونس اور نوید عالم پر تاحیات پابندی اٹھانے سمیت متعدد اہم امور زیر بحث آئیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی میں قاسم ضیا کی زیرسربراہی کام کرنے والی پی ایچ ایف انتظامیہ کیخلاف سابق اولمپئنز کی بڑی تعداد اٹھ کھڑی ہوئی تھی،انھوں نے فیڈریشن کی پالیسیزکو گاہے بگاہے کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا۔

موجودہ صدر اختر رسول اورسیکریٹری رانا مجاہد علی نے پی ایچ ایف کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد ناراض اولمپئنز کے گھروں میں جا کر انھیں منانے کا سلسلہ شروع کیا جس کی وجہ سے ناراض دھڑے کے کرتا دھرتا شہناز شیخ قومی ٹیم کے چیف کوچ بنائے گئے، بعد ازاں اصلاح الدین صدیقی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقررہوئے، ایاز محمود، طاہر زمان اور منظورالحسن بھی پی ایچ ایف میں مختلف عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ نوید عالم کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کیے جانے کی صورت میں ناراض اولمپئنز کی صف میں اب سابق کپتان محمد ثقلین، سمیع اللہ، قمر ضیا اور سلیم ناظم ہی باقی رہ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |