ڈی جی رینجرز سندھ نے ایپکس کمیٹی میں قانون سے ہٹ کرکوئی بات نہیں کی چوہدری نثار

گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو ہٹانے کی تجویز زیرغور نہیں وہ بدستور اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے،وفاقی وزیرداخلہ

بلال اکبرنےاپنی کارکردگی کی بنیادپرایپکس کمیٹی میں کچھ تجاویزدی ہیں تواسے ایشو نہیں بنایا جانا چاہیئے،وفاقی وزیرداخلہ. فوٹو:فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے 230 ارب روپے کے غیرقانونی ٹیکس سے متعلق ایپکس کمیٹی میں جو رپورٹ پیش کی وہ کارکردگی کی بنیاد پر پیش کی اور انہوں نے قانون سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ سابق ڈی جی رینجرزرضوان اختر نے کراچی میں امن و امان کے لئے بہت اچھا کام کیا جب کہ موجودہ ڈی جی بلال اکبرنے بھی تھوڑے عرصے میں بے مثال خدمات انجام دیں جس کی معترف وفاقی حکومت ہی نہیں بلکہ صوبائی حکومت بھی ہے اگر انہوں نے ایک سال کی کارکردگی کی بنیاد پر ایپکس کمیٹی میں کچھ تجاویز دی ہیں تو اسے ایشو نہیں بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز سندھ نے قانون سے ہٹ کرکوئی بات نہیں کی جس پر وزیراعلی سید قائم علی شاہ نےکمیٹی بنادی ہے، امید ہے کہ صوبائی حکومت ڈی جی رینجرزکی سفارشات پرکام کرے گی اگر ان سفارشات پرکام ہوا تو کراچی کی صورتحال مزید بہترہوگی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ کراچی میں رینجرز امن وامان کی علامت ہے لیکن جب ہم معاملات کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں تو نہ تو قوم کی خدمت کر رہے ہوتے ہیں اور نہ فورسز کی اس لئے ہر عمل کو سیاست کی نذر کردینے سے قوم کی خدمت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی آرڈیننس نیا نہیں آیا بلکہ اس میں ترمیم ہوئی ہے جس میں ترمیم کرنا ضروری تھا کیوں کہ اس کی مدت ایک دو روز میں ختم ہورہی ہے۔


چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس میں پیشرفت ہوئی ہے اور مجرموں کو کٹہرے میں لائیں گے جب کہ اس حوالے سے حکومت پاکستان برطانوی پولیس سے تعاون کر رہی ہے اور قتل کیس میں برطانیہ سے بات چیت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، اگلے ہفتے کیس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا اس کے راستے میں رکاوٹ کھڑی کی جائے گی تاہم بلوچستان میں ہتھیار ڈالنے کی روایت اچھی ہے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو عہدے سے ہٹائے جانے کے سوال پر وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کوئی تجویز زیرغورنہیں، ڈاکٹرعشرت العباد بدستور عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2u71c2_ch-nisar_news
Load Next Story