ایران میں رشتے کرانے کے لیے پہلی سرکاری ویب سائٹ لانچ

غیرشادی شدہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہمارے روایتی سماجی نظام کا ایک اہم مسئلہ ہے،نائب وزیربرائے نوجوان و کھیل

ایران میں آبادی میں اضافے کے لئے نوبیاہتا جوڑوں کو کم سود پر قرض اور نئے والدین کو نقد رقم اداکی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

ایران میں رشتے کرانے کے لیے پہلی سرکاری ویب سائٹ لانچ کردی گئی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق Hamsan.Tebyan.net نامی اس نئی ویب سائٹ کا مقصد ملک میں لاکھوں غیر شادی شدہ افراد کی شادیاں کرانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس ویب سائٹ میں شادی کے خواہش مند افراد اپنے کوائف پوسٹ کر کے یہ بتا سکتے ہیں کہ ان کا جیون ساتھی کن خصوصیات کا حامل ہونا چاہیے۔ دوسرے مرحلے میں ایک ثالث بورڈ شادی کے خواہش مند افراد کی عمر، تعلیم، خاندان اور دولت سمیت دیگر کوائف کی جانچ پڑتال کرے گا۔


ایران کے نائب وزیربرائے نوجوان و کھیل محمد گلزاری کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں ایک کروڑ 10 لاکھ غیر شادی شدہ افراد ہیں اوران کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے جو کہ ہمارے روایتی سماجی نظام کا ایک اہم مسئلہ ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی حکومت شادی اورزیادہ بچوں کے لیے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، اس سلسلے میں نئے شادی شدہ جوڑوں کو کم سود پرقرض اورنئے والدین کو نقد رقم ادا کی جارہی ہے۔
Load Next Story