مہران یونیورسٹی داخلوں کیلیے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

17 ٹیکنالوجیز کی 1750نشستوں کے لیے سندھ بھر سے 11050 امیدواروں کی شرکت.


Numainda Express October 15, 2012
حیدرآباد: مہران انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے امیدوار انٹری ٹیسٹ دے رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور مہران یونیورسٹی انجینئرنگ کالج (خیرپور میرس) میں 2012-13ء (13بیچ) میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ منعقدہ ہوئے۔

17 مختلف ٹیکنالوجیز کی مجموعی 1750نشستوں کے لیے سندھ بھر کے مختلف اضلاع سے 11050 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن کے لیے29 بلاکس بنائے گئے تھے، اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالقدیر خان راجپوت نے ویجلینس ٹیم کے ممبران کے ہمراہ ٹیسٹ مراکزکا دورہ کیا اور ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا انہوں نے کہا کہ مہران یونیورسٹی عالمی معیار کی انجینئرنگ کی تعلیم کے فروغ کیلیے کوشاں ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جامعہ میں ہر سال داخلہ لینے کے خواہش مندوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور مہران یونیورسٹی اپنی میرٹ اور قابلیت کی وجہ سے عالمی رینکنگ میں دنیا کی 400 بہترین جامعات میں شمار کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فنڈز میں کمی کے باعث یونیورسٹی کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ پری انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 16 اکتوبر بروز منگل یونیورسٹی کے نوٹس بورڈ پرآویزاں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جامعہ کی ویب سائٹ پر بھی نتائج دیکھے جا سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں