نئی آئی پی ایل فرنچائز کی فروخت کے لیے ٹینڈر جاری

حیدرآباد ( دکن ) سمیت 12 شہروں میں دھرم شالا اور کوچی کے نام بھی شامل


Sports Desk October 15, 2012
حیدرآباد ( دکن ) سمیت 12 شہروں میں دھرم شالا اور کوچی کے نام بھی شامل۔ فوٹو: فائل

KARACHI: انڈین پریمیئر لیگ نے نئی فرنچائز کی فروخت کیلیے ٹینڈر جاری کردیا۔

نئی ٹیم کیلیے حیدرآباد ( دکن ) سمیت 12 شہروں کے نام جاری کیے گئے ہیں، دکن چارجرز نے ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود بھارتی بورڈ سے قانونی جنگ جاری رکھنے پر غور شروع کردیا۔ آئی پی ایل کی جانب سے اتوار کے روز بھارت کے بڑے اخبارات میں نئی ٹیم کی فروخت کیلیے ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ آئی پی ایل کا مالک بورڈ بی سی سی آئی دکن چارجرز کی جگہ نئی ٹیم کو لیگ میں شامل کرنا چاہتا ہے۔

مالی مسائل میں الجھی ہوئی دکن چارجرز کی ٹیم جمعے کی ڈیڈ لائن تک 19 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی دینے میں ناکام رہی تھی جس کی وجہ سے اس کا آئی پی ایل سے معاہدہ ختم ہوگیا ہے۔ بھارتی بورڈ نے پہلے ہی اس کا معاہدہ منسوخ کردیا تھا تاہم ٹیم کی مالک کمپنی دکن کرونیکلز نے ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس نے اسٹے آرڈر جاری کرتے ہوئے بھارتی بورڈ کو حیدرآباد کی فرنچائز فروخت کرنے سے روک دیا تھا بعد میں ثالثی عدالت نے دکن چارجرز کو بینک گارنٹی کی مد میں 19 ملین ڈالر جمع کرانے کو کہا تھا مگر وہ مزید تین کی مہلت مانگ کر بھی گارنٹی دینے میں ناکام رہی تھی۔

اب بھارتی بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اشتہار میں نئی ٹیم کیلیے 12 شہروں کے نام جاری کیے گئے ہیں جن میں حیدرآباد کے ساتھ احمد آباد، دھرم شالا اور کوچی بھی شامل ہیں۔ آئی پی ایل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کامیاب بولی دہندہ کو ٹیم کی ملکیت اور اسے چلانے کے تمام حقوق حاصل ہوں گے، یہ ٹیم 2013 کے ایونٹ سے ہی لیگ میں حصہ لے گی جبکہ اس کے پاس چیمپنز لیگ کھیلنے کا بھی موقع موجود ہوگا، بولی دہندہ کو دی گئی شرائط پر پورا اترنا ہوگا، ٹینڈر جمع کرانے کیلیے 25 اکتوبر تک کی تاریخ دی گئی ہے۔ دوسری جانب دکن چارجز نے ڈیڈ لائن تک بینک گارنٹی نہ دینے کے باوجود قانونی جنگ جاری رکھنے پر غور شروع کردیا ہے، گذشتہ ہفتے اس نے فرنچائز ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی کو فروخت کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جوکہ معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد غیریقینی ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں