بنگلہ دیش کا دورہ ویسٹ انڈین اسپنر ویراسیمی کی قسمت جاگ اٹھی

3 نومبر سے 12 دسمبر تک طے ٹور میں ڈیرن براوو کی واپسی، باراتھ اور ایڈورڈز کی چھٹی


Sports Desk October 15, 2012
3 نومبر سے 12 دسمبر تک طے ٹور میں ڈیرن براوو کی واپسی، باراتھ اور ایڈورڈز کی چھٹی. فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز نے آئندہ ماہ شیڈول دورئہ بنگلہ دیش کیلیے نوجوان اسپنر ویراسیمی پرمیول کو 15 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنالیا۔

گیانا سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم اسپنر کو رواں برس ' اے ' ٹیم کی جانب سے مسلسل عمدہ کارکردگی پیش کرنے کا صلہ مل گیا، انھوں نے حال ہی میں بھارتی ' اے ' ٹیم کیخلاف ویسٹ انڈیز ' اے ' کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ملک کو کامیابی بھی دلائی ہے، اس کے علاوہ 23 سالہ پرمیول نے ویسٹ انڈیز ہائی پرفارمنس سینٹر ٹور میں بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کو خاصا پریشان کیے رکھا، جونیئرز ٹائیگرز کیخلاف انھوں نے دو چار روزہ میچز میں 12وکٹیں لیکر ویسٹ انڈین سلیکٹرز کو مجبور کردیا کہ وہ انھیں نیشنل سائیڈ میں بھی جگہ دیں، وہ اب تک 45 فرسٹ کلاس میچز میں 24.59 کی اوسط سے رنز دیکر 152وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

انھوں نے 17 برس کی عمر میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا، وہ ویسٹ انڈین اسکواڈ میں سنیل نارائن کے ساتھی کے طور پر کردار ادا کریں گے، سنیل نے نیوزی لینڈ کیخلاف اپنی پہلی ہوم سیریز میں متاثرکن پرفارمنس پیش کی تھی، ویسٹ انڈین سلیکٹرز نے اگست میں کیویز کیخلاف سیریز کھیلنے والے ٹیسٹ اسکواڈ میں سے ایڈرین باراتھ اور فیڈل ایڈورڈز کو ڈراپ کیا جبکہ انجری کے سبب اس سیریز میںباہر رہنے والے ڈیرن براوو کی واپسی ہوگئی، 3 نومبر سے 12دسمبر تک اس دورے میں بنگلہ دیش سے ان کے 2ٹیسٹ، 5ون ڈے اور ایک ٹی 20 ہوگا۔ٹور کیلیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں، ڈیرن سیمی (کپتان )، دنیش رامدین ( نائب کپتان )، ٹینو بیسٹ، ڈیرن براوو، شیونرائن چندرپال، نرسنگھے دیونارائن، کرک ایڈورڈز، اسد فداالدین، کرس گیل، سنیل نارائن، ویراسیمی پرمیول، کیرن پاول، روی رامپال، کیمار روئچ اور مارلن سموئلز۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں