ملکی دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ادارے پر تنقید مناسب نہیں شاہ محمود قریشی

اداروں کے درمیان کوئی ٹکراؤ نہیں اور نہ ہی جمہوریت پر کوئی حملہ ہونے والا ہے، رہنما تحریک انصاف

ملک میں سب لوگ آئین کی پاسداری اور جمہوریت چاہتے ہیں، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ملکی دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ادارے پر تنقید مناسب نہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی لیکن گزشتہ روز ان کا بیان سن کر انہیں حیرت اور کسی حد تک پریشانی بھی لاحق ہوئی کہ ٹھنڈے مزاج کے سیاستدان کو اس حد تک کیوں جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ہماری افواج ملک کے دفاع اور ہمیں محفوظ کرنے کے لیے اپنی جانیں دے رہی ہے تو دوسری جانب بھارتی وزیراعظم کے بیانات ہیں۔ ایسے حالات میں ملکی دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ادارے پر تنقید مناسب نہیں۔ ہمیں معاملات کو سمجھنا اور انہیں سلجھانا چاہیے کیونکہ دھمکیوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔


تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ فوج ایک قومی ادارہ ہے اس میں مختلف لوگ آتے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، سیاسی جماعتیں بھی ایک ادارہ ہیں جو اپنا کردار ادا کر کے چلی جاتی ہیں،انسان فانی ہیں لیکن سیاست چلتی رہے گی، اگر فوجی قیادت تبدیل ہوتی ہے تو سیاسی جماعت کی قیادتیں بھی بدلتی رہتی ہیں، سوال اٹھتا ہے کہ ہمیں ماضی سے باہر نکلنا ہے یا نہیں۔ کئی لوگ حکومت میں آئے اور چلے گئے لیکن ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے اور اداروں کو برباد کرنے والوں کا احتساب نہ ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اداروں کے درمیان کوئی ٹکراؤ نہیں اور نہ ہی جمہوریت پر کوئی حملہ ہونے والا ہے، ملک میں سب لوگ آئین کی پاسداری اور جمہوریت چاہتے ہیں کیونکہ یہی بہتر راستہ ہے، ہمیں جمہوری راستے کو اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ آصف علی زرداری 5 برس اقتدار میں رہے، انہوں نے آئین کو پامال کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کے بجائے انہیں دھوم دھام سے رخصت کیوں کیا۔ این ایل سی اسکینڈل میں ملوث کرداروں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا گیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2ucbyj_shah-mehmood_news
Load Next Story