نصیر آباد لائبریری کے باہر ’’کیٹل فارم‘‘ قائم طلبا مطالعے سے محروم

لائبریری کے باہر قربانی کے جانوروں کی فروخت سے سیکڑوں طلبا مطالعے سے محروم ہوگئے،عوام میں شدید اشتعال.

نصیر آباد لائبریری کے باہر ٹینٹ لگا کر کیٹل فارم قائم کر دیا گیا ہے جس سے لائبریری میں آنیوالے طلبا کو پریشانی کا سامنا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں قائم نصیر آباد پبلک لائبریری کے باہرکمرشل بنیادوں پر''کیٹل فارم ''کھول کر لائبریری میں تالے ڈال دیے گئے ہیں اوربلدیاتی اداروں کی نااہلی اورعدم دلچسپی کے سبب لائبریری کے باہر قربانی کے جانوروں کی فروخت سے نصیر آباد پبلک لائبریری عملی طورپربند ہوگئی ہے۔

نصیر آباد پبلک لائبریری کوبندکیے جانے کے سبب کتب خانے کارخ کرنے والے علاقے کے سیکڑوں طلبا لائبریری میں مطالعے سے محروم ہوگئے ہیںجبکہ دوسری جانب نصیر آباد پبلک لائبریری کے مرکزی دروازے میں تالے ڈال کراس کے باہرمنظم انداز میں ''بھائی بھائی کیٹل فارم'' کے نام سے قربانی کے جانوروں کی فروخت جاری ہے اورلائبریری میں مطالعے کی غرض سے آنے والے طلبا سے کہہ دیا گیاہے کہ وہ عید قرباں تک مطالعے کے لیے کسی دوسرے کتب خانے کا راستہ ڈھونڈلیں جبکہ لائبریری حکام کوبھی آگاہ کردیاگیا ہے کہ وہ عید الاضحی تک لائبریری کھولنے کی زحمت نہ کریں۔


نصیر آباد لائبریری میں روزانہ سیکڑوں طلبا مطالعے کی غرض سے یہاں کارخ کرتے ہیں تاہم لائبریری کے باہر بااثرافراد کی جانب سے ٹینٹ لگاکرکیٹل فارم قائم کیے جانے سے ان طلبا کی مطالعاتی سرگرمیاں ختم ہوگئی ہیں،یہ کیٹل فارم قائم کرنے والے افراداس قدربااثرہیں کہ علاقہ مکین کچھ کہنے سے خوف زدہ ہیں،علاقہ مکینوںکاکہناہے کہ امیدہے عید کے بعد یہ بااثرافراد خود ہی یہ جگہ چھوڑدیں گے۔

واضح رہے کہ نصیرآباد پبلک لائبریری کے مرکزی دروازے کے دونوںجانب دیوارکے ساتھ کیٹل فارم قائم کیاگیاہے جبکہ مرکزی دروازے کے آگے عمومی طورپرگاڑیاں کھڑی کرکے لائبریری کے اندرجانے کی جگہ بھی بندکردی جاتی ہے جس کے سبب اب لائبریری انتظامیہ نے کتب خانے میںتالاڈال کراسے بند کرنے کوہی غنیمت جانا ہے،اس صورتحال پر علاقے کے عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ لائبریری کو بند کرکے کیٹل فارم قائم کرنے کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں ہے،علاقے کے مکینوں نے منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے کر ذمے دار افرادکے خلاف فوری کارروائی کریں۔
Load Next Story