مَساجد اور کھلے مقامات پر تراویح کے انتظامات مکمل

تراویح کےبڑےاجتماعات میمن مسجد،آرام باغ مسجد،عیدگاہ مسجد،گلزارحبیب،فیضان مدینہ،جامعہ بنوریہ ٹاؤن اورمدنی مسجدمیں ہوںگے

تراویح کے بڑےاجتماعات میمن مسجد،آرام باغ مسجد،عیدگاہ مسجد،گلزارحبیب، فیضان مدینہ،جامعہ بنوریہ ٹاؤن اورمدنی مسجد میں ہوں گے۔ فوٹو؛فائل

شہر میں رمضان المبارک کے آغاز پر نماز تراویح کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، شہر کی 3 ہزار سے زائد مساجد میں نماز تراویح کے خصوصی اجتماعات ہوں گے ۔

رمضان المبارک 1436 ہجری کی پہلی نماز تراویح آج (جمعرات) ادا کی جائے گی نماز تراویح کیلیے عیدگاہوں ، پارکوں، لان اور کھلے مقامات پر بھی انتظامات کیے گئے ہیں، مختلف مقامات پر نماز تراویح کے ساتھ مکمل ترجمہ و تشریح کا بھی اہتمام کیا جائے گا شہر میں نماز تراویح کے بڑے بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، عیدگاہ مسجد ایم اے جناح روڈ،گلزارحبیب سولجربازار، فیضان مدینہ، جامعہ بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کراچی، مدنی مسجد عزیزآباد، فاروق اعظم مسجد نارتھ کراچی، مسجد کنزالایمان گرومندر، سلطان مسجد ڈیفنس، جامع مسجد بیت المکرم، ایکسپو سینٹرگلشن اقبال اور دیگر مقامات پر ہوں گے۔


نماز تراویح کے سلسلے میں مختلف جماعتوں کے تحت شہر بھر میں پوسٹر و بینر لگائے گئے ہیں تنظیم اسلامی کے تحت شہر کے 18 مقامات پر تراویح کے ساتھ مکمل ترجمہ و تشریح اور 20 مقامات پر تراویح کے ساتھ خلاصہ مضامین قرآن کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تنظیم اسلامی کے تحت نماز تراویح کا بڑا اجتماع پی آئی اے ایم گارڈن نزد ایکسپو سینٹر میں ہوگا، رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی روایتی گہما گہمی کا آغاز ہوگیا ہے مارکیٹوں اور بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے لوگ خریداری میں مصروف ہیں، سحری اور افطار کیلیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں مساجد اور امام بارگاہوں میں صفائی کا کام مکمل ہوگیا ہے ماہ رمضان میں شہر کی مساجد نمازیوں سے بھرجاتی ہیں اولڈ سٹی ایریا میں مساجد کو خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے شہر میں 5 روزہ، 6 روزہ، 10 روزہ اور 15روزہ تراویح کا اہتمام کیا جارہا ہے ایکسپو سینٹر بالمقابل حسن اسکوائر میں 5 روزہ نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے گا حافظ وقاری ڈاکٹر ریحان مصطفی راٹھور نماز تراویح پڑھائیں گے۔

حافظ وقاری ڈاکٹر ریحان مصطفی راٹھور ایس کے اکیڈمی لیکچر ہال بالمقابل کراچی یونیورسٹی نماز تراویح پڑھائیں گے، تنظیم اسلامی کے تحت شہر کے 18 مقامات پر تراویح کے ساتھ مکمل ترجمہ و تشریح کا اہتمام ہوگا جماعۃ الدعوۃ کے تحت50 مساجد میں نماز تراویح عرب قرا کی طرز پر پڑھائی جائیگی، نماز تروایح کے موقع پر متعدد مساجد میں خلاصہ قرآن مجید کے بیان کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، مرکز تقویٰ میں خواتین کے لیے بھی نماز تراویح کا باپردہ انتظام ہے۔
Load Next Story