بنگال ٹائیگرز بھارتی سورماؤں پر دھاک بٹھانے کے لیے پُرعزم

آج پہلا ون ڈے، بارش کا خطرہ سیریز کے دوران منڈلاتا رہے گا،ہرمیچ کا ریزرو ڈے مختص


Sports Desk/AFP June 18, 2015
اگر بارش کی وجہ سے ایک دن میں مقابلہ مکمل نہیں ہوا تو دوسرے دن وہیں سے شروع ہوگا جہاں رکا تھا۔ فوٹو : ایکسپریس

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز جمعرات سے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں ہورہا ہے، بنگال ٹائیگرز بھارتی سورماؤں پر دھاک بٹھانے کیلیے پُرعزم ہیں، کھلاڑیوں کی نگاہیں ایک اور تاریخ رقم کرنے پر مرکوز ہوگئیں۔

دوسری جانب دھونی الیون بھی پوری قوت سے میزبان سائیڈ پر حملہ آور ہونے کیلیے تیار ہے، بارش کا خطرہ پوری سیریز کے دوران سر پر منڈلاتا رہے گا، تدارک کیلیے ہر میچ کا ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے چند ہفتے قبل پاکستان کیخلاف تین میچز کی ہوم سیریز میں کلین سویپ کرکے نئی تاریخ رقم کی،اب وہ یہی خواب بھارت سے سیریز کے حوالے سے بھی دیکھ رہا ہے۔

اب تک دونوں ممالک کے درمیان 29 میچز ہوئے جس میں سے بنگال ٹائیگرز صرف تین ہی جیت پائے، باہمی سیریز میں صرف ایک ہی میچ میں فتح ہاتھ آئی، بلو شرٹس نے 2004، 2007 اور 2014 میں بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز کھیلیں اور 2-1، 2-0 اور 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ بنگال ٹائیگرز کو چیمپئنز ٹرافی 2017 میں رسائی کا امکان برقرار رکھنے کیلیے کم سے کم ایک فتح لازمی درکار ہے۔

پلیئنگ الیون میں انجرڈ محمود اللہ کی جگہ پر قبضے کیلیے مومن الحق، رونی تعلقدار اور لٹن داس میں مقابلہ ہوگا، تمیم اقبال اور سومیہ سرکارپر مشتمل اوپننگ جوڑی سے چھیڑ چھاڑ کا امکان کم ہی دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری جانب بھارت اس سیریز کو کافی اہمیت دے رہا اور اس نے مضبوط ٹیم ٹور پر بھیجی ہے، بیٹسمین سریش رائنا کہتے ہیں کہ ہم کسی بھی میچ میں میزبان سائیڈ کو آسان حریف تصور نہیں کریں گے، ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ بارش سے شدید متاثر ہوا، اس لیے تمام ایک روزہ میچز کیلیے اضافی دن مختص کیا گیا ہے، اگر بارش کی وجہ سے ایک دن میں مقابلہ مکمل نہیں ہوا تو دوسرے دن وہیں سے شروع ہوگا جہاں رکا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔