اسنوکر ورلڈ کپ میں پولینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کا سفر دشوارہوگیا

دوسرے رائونڈ میں رسائی کے لیے قطر اور نارتھ آئرلینڈ کیخلاف لازمی فتح درکار ہے


Sports Desk June 18, 2015
دوسرے راؤنڈ میں رسائی کے لیے قطر اور نارتھ آئرلینڈ کے خلاف لازمی فتح درکار ہے۔ فوٹو:فائل

پروفیشنل اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر دشوار ہوگیا، تیسرے میچ میں پولینڈ نے3-2 سے شکست دے دی،اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے قطر اور مضبوط نارتھ آئرلینڈ کیخلاف لازمی فتح درکار ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق چین میں جاری ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے میچ میں پولینڈ کیخلاف سخت مقابلے کے بعد2-3 سے ناکام رہی، محمد سجاد اور حمزہ اکبر پر مشتمل اسکواڈ کی یہ تین میچوں میں دوسری شکست تھی، ٹیم ویلز کیخلاف یکطرفہ مقابلہ0-5سے ہار گئی تھی، منگل کو پاکستان نے آسٹریلیا کو سخت مقابلے میں 3-2 سے زیر کیا، گذشتہ روز اپنے تیسرے میچ میں اس کا سامنا پولینڈ سے ہوا لیکن اس میں بھی حمزہ اکبر اور محمد سجاد صلاحیتوں کے مطابق پرفارم نہ کرسکے، پہلے فریم میں پاکستان نے 83-17 سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے میں پولش پلیئر 65-35 سے فتحیاب ہوئے، ڈبلز میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے میں حریف جوڑی کو 108-16 سے شکست دے کر ایک بار پھر 2-1 کی برتری حاصل کرلی،اس فریم میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 50 کا بریک بھی کھیلا، ریورس سنگلز میں حمزہ اکبر اور محمد سجاد مکمل طور پر بے بس نظر آئے اور دونوں کو ہی شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، چوتھے فریم میں پاکستانی کھلاڑی 22-67 اور آخری میں29-58 سے ناکام رہے۔ پاکستانی پیئر جمعرات کو قطر کیخلاف ایکشن میں نظر آئے گا جبکہ اسے اپنے گروپ کے آخری میچ میں نارتھ آئرلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔ اگلے رائونڈ میں رسائی کیلیے پاکستان کو ان دونوں میچز میں لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی۔

اگر قومی اسکواڈ گروپ کی ٹاپ 2 ٹیموں میں جگہ حاصل نہیں کرسکا تو پہلے ہی مرحلے سے باہر ہوجائے گا، ویلز کی ٹیم نے اپنے تمام میچز جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا ، نارتھ آئر لینڈ اور پولینڈ نے بھی 2کامیابیاں حاصل کیں، قطرکوئی بھی میچ نہیں جیت سکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔