توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیںشہبازشریف

پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک June 20, 2015
پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں، وزیر اعلٰی پنجاب فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

جرمنی کے سفیر ڈاکٹرسائرل نن نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پرجرمنی کی توانائی کی بین الاقوامی کمپنی سیمنز کے لارج گیس ٹربائن گلوبل کے صدر اچیم کیورٹ اور کمپنی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے- ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے خصوصاً گیس پاور پلانٹس منصوبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جرمن وفد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اوران کی ٹیم انتہائی لگن اورعزم سے کام کر رہی ہے، توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔

ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اورجرمنی کے درمیان بہترین دوستانہ اورتجارتی تعلقات قائم ہیں، پاکستان کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے، پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200 میگاواٹ جبکہ وفاقی حکومت 2400 میگاواٹ کے گیس منصوبے لگائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔