فش ہاربراتھارٹی کے افسرکا لیاری گینگ وار کی رقم ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھجوانے کا اعتراف

ملزم نے ایک ارب روپے سے زائد رقم ہنڈی کے ذریعے دبئی اور ملائشیا منتقل کی، رینجرز ذرائع


ویب ڈیسک June 20, 2015
ملزم نے ایک ارب روپے سے زائد رقم ہنڈی کے ذریعے دبئی اور ملائشیا منتقل کی، رینجرز ذرائع۔ فوٹو:فائل

KARACHI: رینجرز کی حراست میں وائس چیئرمین فش ہاربراتھارٹی سلطان قمر صدیقی نے دوران تفیش اہم انکشافات کئے ہیں جب کہ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ لیاری گینگ وار کے کارندوں کی رقم ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھجواتے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان قمر صدیقی نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ لیاری گینگ وار کے کارندوں کی رقم ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھجواتے تھے جب کہ یہ رقم لیاری گینگ وار کا اہم کارندہ تاج محمد تاجو تاجروں کو اغوا کر کے حاصل کرتا تھا اور انہوں نے ایک ارب روپے سے زائد رقم ہنڈی کے ذریعے دبئی اور ملائشیا منتقل کی ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم سلطان قمرصدیقی انتہائی ہوشیار اور چالاک ہے جس نے گینگ وار کے ملزمان سے رابطے کے لئے کبھی فون یا لینڈ لائن نمبر استعمال نہیں کیا بلکہ رابطے کے لئے وہ کبھی خود ان کے پاس جایا کرتے یا اغوا کاروں کو پرچیاں فراہم کرکے تاجروں کے اغوا سے متعلق انہیں آگاہ کرتے۔

دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ ملزم سلطان قمرصدیقی کے اثاثوں میں ایک اسلحہ کی دکان، بنگلہ، 4 لگژری فلیٹس اورکار شورومز ہیں جن کی مالیت 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں