سندھ نے وفاق سے خام تیل پر ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی درخواست کردی

فنانس بل2015 میں خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے


Irshad Ansari June 21, 2015
سندھ حکومت کی جانب سے وفاق سے درخواست کی گئی ہے کہ خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جائے۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی درخواست کردی ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے وزارت خزانہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں فنانس بل2015 میں خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ لیٹر میں کہا گیاکہ سندھ حکومت آئین کے آرٹیکل 161(I)(b)کے تحت وفاقی خزانہ ڈویژن کو مسلسل درخواستیں کررہی ہے کہ خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جائے۔

جس کے لیے سندھ حکومت نے وفاقی خزانہ ڈویژن کو متعلقہ شقوں میں ترامیم کے مسودے بھی تیار کرکے فراہم کیے ہیں مگر وفاق کی جانب سے خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہیں کی جارہی اور اب بھی فنانس بل2015 میں خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے نفاذ سے متعلق کوئی شق متعارف نہیں کرائی گئی۔

سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو لکھے جانے والے لیٹر میں کہا گیاکہ خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہونے والا ریونیو براہ راست منتقلیوں کے ذمرے میں آتا ہے اور وفاق کی جانب سے خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ نہ کرنے سے سندھ حکومت کو ریونیو کی مد میں نقصان ہورہا ہے اور خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ نہ کر کے ایک صوبہ اپنے جائز قانونی لیوی(ٹیکس) کے ریونیو سے محروم ہورہا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق سے درخواست کی گئی ہے کہ خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں