آئل ٹینکرز کی ہڑتال عید پر گھی اور تیل کی قلت کا خدشہ

بھتہ خوروں نے کروڑوں روپے کے خام مال سے لدے چھوٹے ٹینکرز کو یرغمال بنا لیا، عمر اسلام

صدر،وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نوٹس لیں، وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن. فوٹو: پی پی آئی

گھی اور تیل انڈسٹری کو خام مال کی ترسیل کرنے والے آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث عیدِ قرباں پرگھی تیل کی قلت کا خطرہ ہے۔

حکومت نے آئل ٹینکرز کی ہڑتال ختم نہ کرائی تو آئندہ 3 سے 4 روز میں قلت کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوسکتے ہیں۔ پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمر اسلام خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھی اور تیل فیکٹریوں کو پورٹ قاسم سے 4اکتوبر سے سپلائی معطل ہے ہڑتال کرکے انڈسٹری کو بلیک میل کرنے والے عناصر میں بھتہ خور اور دہشت گرد شامل ہیں۔ وناسپتی انڈسٹری نے 8اکتوبر کو ہی 25سے 30ہزار لیٹر گنجائش والے چھوٹے ٹینکرز کی ایسوسی ایشن سے خام مال کی ترسیل کا معاہدہ کیا ہے یہ ٹینکرز گزشتہ 20سال سے انڈسٹری کو خام مال سپلائی کررہے ہیں۔


معاہدے کے تحت اگلے 3 سال تک وناسپتی انڈسٹری کو 75فیصد خام تیل چھوٹے نجی ٹینکرز کے ذریعے سپلائی کیا جائے گا تاہم بھتہ خور اور دہشت گرد عناصر ان چھوٹے ٹینکرز کی سپلائی کو بھی روک رہے ہیں اور 4اکتوبر سے پورٹ قاسم سے خام مال لے کر نکلنے والے تمام چھوٹے ٹریلرز یرغمال بنالیے گئے ہیں جن میں کروڑوں روپے کا خام مال موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈی سی ملیر نے 10اکتوبر کو مسئلے کے حل کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا تاہم کمیٹی تاحال نہیں بن سکی۔

ایسوسی ایشن نے صدر وزیر اعظم، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ دہشت گرد اور بھتہ مافیا کی بلیک میلنگ کاخاتمہ کیا جائے بصورت دیگر ملک بھر میں گھی تیل کی قلت کی ذمہ داری خود حکومت پر عائد ہوگی۔ ادھر کراچی ریٹیل گراسرز گروپ کے جنرل سیکریٹری محمد فرید قریشی کے مطابق کراچی میں گھی تیل کا وافر اسٹاک موجود ہے اور قیمتوں پر تاحال کوئی فرق نہیں پڑا۔

انھوں نے کہا کہ گھی تیل کی بڑی فیکٹریاں پورٹ قاسم پر قائم ہیں جنھیں جہازوں سے خصوصی پائپ لائنوں کے ذریعے خام مال مہیا کیا جاتا ہے اور یہ فیکٹریاں تیار مصنوعات ملک بھر میں سپلائی کرتی ہیں، فرید قریشی نے کہا کہ عیدِ قرباں پر گھی تیل کی کھپت میں 100فیصد اضافہ ہوجاتا ہے اس دوران فیکٹریوں کی جانب سے خام مال کی ترسیل میں رکاوٹ کو جواز بناکر قیمت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گھی اور تیل فیکٹریوں نے حال ہی میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام خوردنی تیل کی قیمت میں کمی کے سبب خوردہ قیمت میں کمی کی تھی۔
Load Next Story