جلسے کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لیے شرجیل میمن

غیر قانونی ہتھیاروںکی نمائش کرنیوالوں کوگرفتار کیا گیا ہے، جلسہ گاہ میں پریس کانفرنس.

صوبے میںخانہ جنگی نہیں چاہتے، قوم پرستوں نے ذہنی طور پرکراچی کو علیحدہ کر دیا۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے پیپلز پارٹی کے جلسے میں کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

جلسے کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز نے فول پروف انتظامات کر لیے ہیں ، کسی کو خراش تک نہیں آئے گی ، جلسہ پُر امن اختتام پذیر ہوگا اور لاکھوں کی تعداد میں جیالے جلسے میں شرکت کر کے نام نہاد قوم پرستوں کے پروپیگنڈے کو ناکام بنا دیں گے۔ راجپوتانہ اسپتال کے عقب میں واقع جلسہ گاہ میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جلسے سے مرکزی قائدین یوسف رضا گیلانی، مخدوم امین فہیم، قمر زماں کائرہ، قائم علی شاہ و دیگر خطاب کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ 4 سو کارکنان کی گرفتاری کا دعویٰ کرنے والوں کے 4سو کارکنان ہی نہیں ہیں ، پولیس نے ان لوگوں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے غیر قانونی ہتھیاروں کی نمائش کی اور دکانیں بند کرائیں۔ بلدیاتی نظام ایم کیو ایم کے کہنے پر نہیں لائے، ساڑھے3 سال کی مشاورت کے بعد اس نظام کو نافذ کیا گیا ہے۔ قوم پرستوں نے ذہنی طور پرکراچی کو علیحدہ کر دیا ہے لیکن کوئی بھی سندھ کو تقسیم نہیں کر سکتا۔ ہم سندھ میں خانہ جنگی ہر گز نہیں چاہتے، ہم بم پھینکنے والوں کے ساتھ بھی لڑنا نہیں چاہتے، اس لیے ان سے اپیلہیکہ خدا کے واسطے پی پی کے ورکرز کو نہ چھیڑا جائے۔

جنہوں نے پارٹی رہنمائوں کے گھروں پر کریکر دھماکے کیے اور ہتھیار اٹھائے انکے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی، بات صرف ان کے ساتھ ہوگی جو جمہوریت اور سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں۔ سندھ کے قوم پرست نواز شریف کے پے رول پر کام کر رہے ہیں اور پی پی پر تنقید کر کے نواز شریف کا پیسہ حلال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی کے خلاف کوئی بھی اتحاد بنائیں کتنی ہی سازشیں کیوں نہ کر لیں ہمیں فرق نہیں پڑتا، سندھ پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
Load Next Story