ٹیسٹ فتوحات میں پاکستان ایشیا کا کامیاب ترین ملک بن گیا

پانچ روزہ فارمیٹ میں حاصل کی گئی فتوحات میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا


Sports Desk June 22, 2015
یاسر شاہ دو دہائیوں میں بہترین پاکستانی لیگ اسپنر کے طور پر سامنے آگئے، فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم ایشیا کی کامیاب ترین ٹیسٹ سائیڈ بن گئی، پانچ روزہ فارمیٹ میں حاصل کی گئی فتوحات میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا، یاسر شاہ 20 برس بعد بہترین پرفارمنس پیش کرنے والے پاکستان کے پہلے لیگ اسپنر بن گئے، سرفراز احمد نے ایک اننگز میں ریکارڈ تین سری لنکن بیٹسمینوں کواسٹمپڈ کیا۔

پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹ سے زیرکیا، اس کے ساتھ ہی وہ ایشیا کی کامیاب ترین ٹیسٹ ٹیم بھی بن گیا، یہ گرین کیپس کی 390 ٹیسٹ میچز میں 123 ویں فتح ہے ، اس طرح اس نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا جس نے اب تک 488 ٹیسٹ میچز میں 122 فتوحات حاصل کی ہیں۔گال ٹیسٹ کا ابتدائی روز بارش کی نذر ہوگیا تھا، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا یہ 17 واں موقع ہے جب پہلے دن کا کھیل نہ ہونے کے باوجود مقابلہ نتیجہ خیز ثابت ہوا، 2000 کے بعد یہ ایسا ساتواں ٹیسٹ ہے۔

پاکستان نے 90 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے دوران 8.11 کی اوسط سے رنز اسکور کیے، اوپنرز نے 11.2 اوورز میں 92 رنز بنائے، یہ کم سے کم 10 اوورز تک بیٹنگ کرنے والی کسی بھی ٹیم کا ٹیسٹ تاریخ میں سب سے بہترین رن ریٹ ہے، اس سے قبل کسی نے بھی اس طرز میں 8 سے زائد کے رن ریٹ سے اسکور نہیں کیا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستان نے سری لنکا کو دس وکٹوں سے زیر کیا، انگلینڈ کو گرین کیپس اس مارجن سے تین مرتبہ ٹھکانے لگا چکے ہیں۔

سرفراز احمد نے دوسری اننگز میں 3 اسٹمپڈ کیے جبکہ یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکا کے 3 بیٹسمین ایک ہی اننگز میں اسٹمپڈ ہوئے۔ یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں 76 رنز کے عوض7 وکٹیں لیں، اس طرح انھوںنے سری لنکا میں بہترین پرفارمنس پیش کرنے والے غیرملکی بولرکا اعزاز حاصل کرلیا، ان سے قبل شین وارن نے 2002 میں کولمبو میں 94 رنز کے عوض 7 وکٹیں لی تھیں۔ یہ کسی بھی پاکستانی لیگ اسپنر کا 20 برس بعد بہترین بولنگ فیگر ہے، اس سے قبل مشتاق احمد نے 1995 میں کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 56 رنز کے عوض 7 وکٹیں لی تھیں۔

کسی بھی پاکستانی لیگ اسپنر کی جانب سے بہترین بولنگ کا اعزاز عبدالقادر کے نام ہے جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف لاہور میں 1987 میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں لی تھیں۔ یہ پاکستان کی 9 برس بعد سری لنکا کے خلاف سری لنکا میں ہی پہلی ٹیسٹ کامیابی ہے، آخری مرتبہ گرین کیپس نے 2006 میں آئی لینڈرز کو 8 وکٹ سے زیر کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں