کولمبو ٹیسٹپاکستان نے اسپن کا جال بننا شروع کردیا

سلو بولرز کو بہترانداز میں کھیلنے والے آئی لینڈرزکا ہوم گراؤنڈ پر شکار بڑا کارنامہ ہے،مصباح الحق

جنید خان انجری کے بعد واپس آئے ہیں،انھیں ردھم میں آنے میں وقت لگے گا، مصباح الحق۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے کولمبو ٹیسٹ کے لیے بھی اسپن کا جال بننا شروع کردیا۔

کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ گال میں یاسر شاہ نے کمال کردکھایا، سلو بولرز کو بہترانداز میں کھیلنے والے آئی لینڈرزکا ہوم گراؤنڈ پر شکار بڑا کارنامہ ہے، نوجوان بیٹسمین بھی چیلنج قبول کرنے لگے ہیں، سیریز جیتنے کیلیے کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق گال ٹیسٹ کے آخری روز یاسر شاہ کی اسپن گیندوں نے آئی لینڈرز کو گھماکر رکھ دیا تھا۔


کپتان مصباح الحق اس کامیابی پر مسرور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یاسر شاہ کے کیریئرکا ابھی آغاز ہے،اس نے آگے بڑھ کر ایک چیلنج قبول کرتے ہوئے پاکستانی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا، اسپن بولنگ کو بہتر کھیلنے والی ٹیموں میں شمار ہونے والے سری لنکاکے ہوم گراؤنڈ پر 7وکٹیں حاصل کرنا واقعی بڑا کارنامہ ہے،البتہ لیگ اسپنر کو عظیم بولرز کی صف میں جگہ بنانے کیلیے بڑی محنت درکار ہوگی،امید ہے کہ اگلے دونوں ٹیسٹ میں بھی وہ اہم کردار ادا کریں گے،انھیں ایشین کنڈیشنز کے ساتھ انگلینڈ اور آسٹریلیا میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کا ہنر سیکھنا ہوگا۔

کپتان نے کہا کہ سرفراز، اسد شفیق اور اظہر علی جیسے نوجوان بیٹسمین بھی اب ذمہ داری اٹھانے اور چیلنج قبول کرنے لگے ہیں لیکن سیریز جیتنے کیلیے کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ جنید خان انجری کے بعد واپس آئے ہیں،انھیں ردھم میں آنے میں وقت لگے گا، پیسر کی صلاحیتوں پر اعتماد برقرار ہے تاہم کولمبو ٹیسٹ سے قبل دیکھیں گے کہ تکنیکی طور پر ہمارے پلان میں ان کی ٹیم میں جگہ بنتی ہے یا نہیں۔
Load Next Story