تیسرا ون ڈے بھارت نے بنگال کے جادو کا اثر ختم کردیا

77رنزسے فتح،کلین سویپ کی بنگلہ دیشی امیدیں دم توڑ گئیں ، رائنا کا آل رائونڈ کھیل

سریش رائنا 38 رنز پر مستفیض کی وکٹ بنے، یوں بھارت نے 6 وکٹ پر 317 رنز بنائے، مشرفی نے تین جبکہ مستفیض نے2 وکٹیں لیں۔ فوٹو : فائل

بھارت نے بنگال کے جادو کا اثر ختم کرہی دیا ، کلین سویپ کی بنگلہ دیشی امیدیں حسرت میں بدل گئیں، مہمان ٹیم نے تیسرا ون ڈے 77 رنز سے جیت لیا، سیریز 2-1 سے بنگلہ دیش کے نام رہی، فتح کیلیے 318 رنزکا تعاقب کرنے والی میزبان سائیڈ 240 پر آئوٹ ہوگئی، صابر رحمان 43 اور سومیہ سرکار 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سریش رائنا نے تین وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے بھارت نے 6 وکٹ پر 317 رنز اسکور کیے، شیکھر دھون اور دھونی نے ففٹیز بنائیں۔ مستفیض نے 2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی بیٹسمین318 رنز کے تعاقب میں جانے والی اپنی ٹیم کو مضبوط شراکتیں فراہم نہیں کرپائے، تمیم اقبال صرف 5 رنز پر آئوٹ ہوئے، صابر رحمان نے سب سے زیادہ 43 اور سومیہ سرکار نے 40 رنز بنائے، پوری ٹیم 47 اوورز میں 240 رنز پر رخصت ہوئی۔


رائنا نے 3 جبکہ ایشون اور کلکرنی نے2،2 وکٹیں لیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر ابر آلود کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پہلے اپنے بولنگ اٹیک کو آزمانے کا فیصلہ کیا، گذشتہ دونوں میچزہارنے والی بھارتی ٹیم نے اس بار زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کیا، اگرچہ اوپنر روہت شرما ساتویں اوور کی آخری گیند پر مستفیض الرحمان کا 29رنز پر شکار بن گئے، مگر شیکھر دھون اور ویرات کوہلی دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 114 تک لے گئے۔

کوہلی 25 رنز پر شکیب الحسن کی وکٹ بنے تو دھونی نے دھون کا ساتھ دینا شروع کیا، یہ جوڑی جلد ہی ٹوٹ گئی جب دھون کو مشرفی نے 75 رنز پر پویلین واپسی پر مجبور کردیا،کیچ ناصر حسین نے تھاما، کپتان اور امباتی رائیڈو کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بنے، رائیڈو 44 رنز پر مشرفی کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، دھونی بھی مشرفی کی ہی وکٹ بنے، ان کا کیچ 69 رنز پر مستفیض نے تھاما۔ سریش رائنا 38 رنز پر مستفیض کی وکٹ بنے، یوں بھارت نے 6 وکٹ پر 317 رنز بنائے، مشرفی نے تین جبکہ مستفیض نے2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story