کولمبو ٹیسٹ میں غلط فیصلہ دینے پر تھرڈ امپائر کی پاکستانی ٹیم سے معذرت

ریویو میں کوشال سلواکو صاف طور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ نظر آرہے تھے تاہم تھرڈ امپائر نے اسے چیک نہیں کیا


ویب ڈیسک June 25, 2015
کولمبو ٹیسٹ کے دوران تھرڈ امپائر کے اوور لک کی وجہ سے پاکستان دوسری وکٹ حاصل کرنے سے محروم رہا، فوٹو کرک انفو

FAISALABAD: کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکن بلے بازکوشال سلواکو کا آؤٹ نہ دینے پر پاکستان کی جانب سے آئی سی سی میں اپیل کیے جانے پر تھرڈ امپائر پال ریفل نے معذرت کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی بولر ذوالفقار بابر نے سری لنکن بلے باز کوشال سلواکو کے خلاف بیٹ اینڈ پیڈ کیچ کی اپیل کی جسے فیلڈ امپائر نے مسترد کردیا جس پر پاکستان نے فیصلے پر ریویو لیتے ہوئے تھرڈ امپائر کے پاس جانے کا فیصلہ کیا، تھرڈ ایمپائر پال ریفل نے ریویو دیکھنے کے بعد بیٹسمین کو ناٹ آوٹ قرار دیا لیکن ریویو میں بھی بلے باز واضح طور پر آؤٹ نظر آرہے تھے تاہم امپائر کی جانب سے اسے درست طریقے سےچیک نہیں کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق میچ کے اختتام پر پاکستانی کوچ وقار یونس نے اس فیصلے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے باقاعدہ درخواست میچ ریفری کرس براڈ کے پاس جمع کرادی جس پر پال ریفل اور کرس براڈ نے اس ''اوور لک'' پر پاکستان ٹیم سے معذرت بھی کرلی ہے جسے پاکستان نے قبول بھی کر لیا کیوں کہ فیصلہ ہو جانے کے بعد میچ جاری رہا جس کے بعد فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی تھی۔

آئی سی سی رولز کے مطابق تھرڈ امپائر بیٹسمین کے آؤٹ ہونے کے تمام پہلوؤں کو دیکھنے کا پابند نہیں ہوتا بلکہ وہ صرف اپیل کے مطابق ہی ریویو چیک کرتا ہے تاہم ریویو کے دوران عام طور پر تھرڈ امپائر تمام ہی آپشنز چیک کرتے ہیں اس لیے آئی سی سی کے مطابق پال ریفل نے پروٹوکول کو پورا کیا تاہم ریویو کے دوران ایل بی ڈبلیو کو نہ دیکھنا فیصلے کی غلطی ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں