یونس خان100 ٹیسٹ کھیلنے والے 5عظیم پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل

سری لنکا کیخلاف ہی2002میں ڈیبیو کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں 8600رنز بنا چکے ہیں


 شہریار خان، دیگربورڈ عہدیداروں اور وسیم اکرم کی جانب سے یونس خان کو مبارکباد کے پیغامات ۔ فوٹو : فائل

یونس خان 100ٹیسٹ کھیلنے والے5عظیم پاکستانی کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے، گذشتہ روز کولمبو میں میچ سے قبل انھیں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں،ڈریسنگ روم میں کیک بھی کاٹاگیا مگر پلیئرز نے رمضان المبارک کے احترام میں کھانے سے گریز کیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان، بورڈ کے دیگر عہدیداروں اور سابق کپتان وسیم اکرم کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھیجاگیا ہے۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے 100ٹیسٹ کھیلنے والے کرکٹرز کے کلب میں جاوید میانداد، انضمام الحق، وسیم اکرم اور سلیم ملک کو جوائن کرلیا، سری لنکا کیخلاف ہی2002میں ڈیبیو کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں 8600رنز بنا چکے ہیں، کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل شروع ہونے سے قبل مہمان ٹیم نے ڈریسنگ روم میں ایک مختصر تقریب سجائی۔

جس میں یونس خان کے کیریئر کا اہم سنگ میل عبور کرنے پر کیک کاٹا گیا، رمضان المبارک کے احترام میں کھلاڑیوں نے اسے کھانے سے گریز کیا، بعد ازاں میدان میں ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ اور کپتان مصباح الحق نے سینئر بیٹسمین کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں، دوسری جانب پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے یونس خان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہاکہ ان کا شمار پاکستان کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔

وہ نوجوانوں کیلیے ایک مثال ہیں، انھوں نے متعدد بار اپنی کارکردگی سے ملکی عوام کا سر فخر سے بلند کیا، ہم100واں ٹیسٹ کھیلنے پر انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں،ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ یونس خان ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں، امید ہے کہ مستقبل میں بھی ملکی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، سابق کپتان انتخاب عالم نے کہا کہ سینئر بیٹسمین پاکستان کرکٹ کے بہترین سفیر اور ان کی ملک کیلیے خدمات لائق تحسین ہیں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ کیریئر میں 100 ٹیسٹ کا سنگ میل عبور کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یونس خان کسی معیار کے کھلاڑی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں