کوپا امریکا کپ چلی نے یوروگوئے کے خلاف سخت معرکہ سر کر لیا

تلخ کلامی اور جھگڑے سے بھرپور کوارٹر فائنل کا واحد گول ماورسیو اسلا نے کیا


Sports Desk/AFP June 26, 2015
تلخ کلامی اور جھگڑے سے بھرپور کوارٹر فائنل کا واحد گول ماورسیو اسلا نے کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

کوپا امریکاکپ فٹبال میں چلی نے یوروگوئے کیخلاف سخت معرکہ سرکرلیا، تلخ کلامی اور جھگڑے سے بھرپور کوارٹر فائنل کا واحد گول مائورسیو اسلا نے کھیل ختم ہونے سے9 منٹ قبل کیا، ناکام ٹیم کو امپائر اور ساتھی کھلاڑیوں سے الجھنے کا خمیازہ ایڈنسن کوانی اور ڈیفینڈر جورج فوسیلے کے باہر ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق سانتیاگو میں جاری ایونٹ میں چلی اور یورو گوئے کا میچ متنازع رہا جس میں کئی بار کھلاڑیوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی،پہلے ہاف کے دوران میچ انتہائی سست روی کا شکار رہا، دونوں ٹیموں کے پلیئرز کی کوشش تھی کہ گیند کو زیادہ سے زیادہ اپنے کنٹرول میں رکھیں، ابتدائی 45 منٹ تک کوئی بھی ٹیم خطرناک حملہ نہ کرسکی۔

یوروگوین اسٹار ایڈنسن کوانی نے 1،2 مرتبہ حریف ڈیفینڈرز کی صلاحیتوں کا امتحان لینے چاہا لیکن ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی بھی کھلاڑی موجود نہیں تھا، دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی میچ میں تیزی آگئی،62 ویں منٹ میں سائیڈ ریفری کے عین سامنے یوروگوین پلیئر ایڈنسن کوانی گیندکو لے کر آگے بڑھ رہے تھے کہ چلی کے ڈیفنڈر گونزالو جارا نے انھیں روکنا چاہا۔

،اس دوران کوانی نے گرنے سے قبل زور سے ہاتھ گھمایا جوحریف کھلاڑی کے منہ پر لگا، ریفری نے فوری طور پر کوانی کو دوسرا یلو کارڈ دکھا دیا جس کے بعد وہ میچ سے باہر ہوگئے۔ اس کے بعد 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونے والی ٹیم پر چلی کے فارورڈز نے دھاوا بول دیا اورمتواتر حملے کیے، 81 ویں منٹ میں ماورسیو اسلا نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی ،آخری لمحات میں یوروگوئے کے کھلاڑیوں نے میچ میں واپسی کی بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

کھیل ختم ہونے سے چند منٹ قبل ناکام سائیڈ کو دوسرا بڑا نقصان ڈیفینڈر جارج فوسیلے کے باہر ہونے کی صورت میں ہوا، وہ ساتھی پلیئرز سے الجھنے پر ریفری کی نظر میں آگئے اور انھوں نے دوسرا یلو کارڈ دکھا دیا۔ اس موقع پر ایک بار پھر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آگئے،صورتحال یہاں تک بگڑی کہ یوروگوئے کے کوچ منیجر بھی میدان میں کود پڑے، مشکل سے ریفری نے مقابلہ دوبارہ شروع کرایا لیکن اس کے بعد کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ داغ سکی۔ چلی کی ٹیم فتح کے بعد پہلی بار کوپا امریکاکپ جیتنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں