بھارت میں بارش اور سیلاب سے 81 افراد ہلاک

ریاست گجرات کے 2 اضلاع راج کوٹ اور امریلی میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے متعدد گھر زمین بوس ہوگئے ہیں

سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں کئی گھروں کی چھتیں گرنے سے درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں،حکام۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارتی ریاست گجرات میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی جس میں81 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 30 دیہات کا رابطہ باقی علاقوں سے کٹ گیا، ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا، بھارتی فضائیہ کے 2 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، محکمہ موسمیات نے گجرات کے ساحلی علاقے میں مزید بارش کا خدشہ ظاہر کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے 2 اضلاع راج کوٹ اور امریلی میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے41 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد گھر زمین بوس ہوگئے ہیں، دونوں اضلاع میں بدھ سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، راج کوٹ اور امریلی کے علاوہ سومناتھ، جونا گڑھ، دوارکا اور سریندرنگر کے اضلاع سے بھی شدید بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔ امریلی متاثر ہونے والے علاقوں میں سرِفہرست ہے جہاں اب تک 33 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔


بارش کی وجہ سے بجلی کی فراہمی اور ریل ٹریفک بری طرح سے متاثر ہوئی ہے، حکام کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں کئی گھروں کی چھتیں گرنے سے درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں، راج کوٹ کے ضلعی مجسٹریٹ کے مطابق دریا کے کنارے آباد 17 دیہات سے قریباً 4 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب احمد آباد کے موسمیاتی اسٹیشن نے اگلے چند روز میں درمیانے سے شدید درجے کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
Load Next Story