ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ کے ثبوت تک رسائی دی جائے پاکستان کا برطانیہ کو خط

برطانوی حکام بی بی سی کی رپورٹ کی اپنے ذرائع سے تصدیق یا تردید کرکے آگاہ کریں، خط کا متن


ویب ڈیسک June 26, 2015
برطانوی حکام بی بی سی کی رپورٹ کی اپنے ذرائع سے تصدیق یا تردید کرکے آگاہ کریں، خط کا متن. فوٹو:فائل

وزارت خارجہ نے بی بی سی کی اُس رپورٹ پر برطانوی حکام کو خط لکھ دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایم کیوایم بھارت سے مالی مدد حاصل کرتی رہی ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q135/q135.webp

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے برطانوی حکام کو لکھے گئے خط کے متن میں برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جب کہ برطانوی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بی بی سی کی رپورٹ کی اپنے ذرائع سے تصدیق یا تردید کرکے آگاہ کریں۔ جب کہ خط میں بی بی سی کی رپورٹ کی مندرجات کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست کی گئی ہے کہ رپورٹ میں ایم کیو ایم کے جن 2 رہنماؤں نے بھارت سے مالی مدد لینے کا اعتراف کیا ہے ان کے ناموں سے بھی آگاہ کیا جائے۔

https://img.express.pk/media/images/q136/q136.webp

وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں برطانوی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ میں جن ہتھیاروں اور رقم کا ذکر کیا گیا ہے جنہیں کراچی میں استعمال کیا جانا تھا اس حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے کہ اس میں کتنی صداقت ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان منظم جرائم کے خاتمے کے لئے قریبی تعلقات ہیں اور اسی کے پیش نظر ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں دونوں ممالک کے درمیان معلومات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے اس لئے پاکستان بھی بی بی سی کی رپورٹ پربرطانوی حکام سے معلومات کے تبادلے کا خواہاں ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q224/q224.webp

https://img.express.pk/media/images/nawaz3/nawaz3.webp

خط میں وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والی اعلیٰ سطح کی مشاورت کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو ان حقائق اور انکشافات پر گہری تشویش ہے، وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ اس نازک اور حساس معاملے کی تہہ تک جلد پہنچا جائے۔ برطانوی حکام سے کہا گیا ہے کہ اس حساس معاملے کا تعلق پاکستان کی سیکیورٹی سے ہے لہٰذا اس سے متعلقہ حقائق تک پاکستانی حکام کو رسائی دی جائے۔

واضح رہے کہ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایم کیوایم بھارت سے مالی مدد حاصل کرتی رہی ہے اور بھارت نے 10 سال کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے سیکڑوں کارکنوں کو عسکری تربیت بھی فراہم کی ہے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی حکام سے معاونت حاصل کرنے کی منظوری دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں