یوسف رضا گیلانی کے اسٹاف نے ترک خاتون اول کا ہار نادرا حکام کے حوالے کردیا

یوسف رضا گیلانی کے پرنسپل افسرتوشہ خانہ، کابینہ ڈویژن اوردفترخارجہ پہنچے توانہوں نے ہارلینے سے صاف انکارکردیا تھا۔


ویب ڈیسک June 26, 2015
یوسف رضا گیلانی کے پرنسپل افسرتوشہ خانہ، کابینہ ڈویژن اوردفترخارجہ پہنچے توانہوں نے ہارلینے سے صاف انکارکردیا تھا۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے بھیجا گیا ترک خاتون اول کا 'گمشدہ' ہار کابینہ ڈویژن، توشہ خانہ انتظامیہ اور دفترخارجہ کے انکار کے بعد بالاخر نادرا نے وصول کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے پرنسپل افسراعزاز نیازی ترک خاتون اول کا 'گمشدہ' ہار واپس کرنے کے لئے دفتر خارجہ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے لہذا حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹ جاری ہونے کے بعد ہار کو توشہ خانہ میں جمع کرایا جا سکے گا۔ جس کے بعد اعزاز نیازی ہار لے کر وزیراعظم کے توشہ خانہ پہنچے جہاں انہیں توشہ خانہ انتظامیہ نے یہ کہہ کر ہار لینے سے انکار کردیا کہ ان کے پاس حکومت کی جانب سے کوئی ایسا حکم نامہ موجود نہیں کہ وہ یہ ہار براہ راست لے سکیں، حکم نامہ وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے کے بعد ہی یہ ہار وصول کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح کابینہ ڈویژن نے بھی ترک خاتون اول کا گمشدہ ہار لینے سے صاف انکارکردیا تھا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے نمائندے اعزاز نیازی ہار لے کر نادرا پہنچے جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افضل نیازی کی موجودگی میں ہار جمع کرادیا گیا جس کے بعد ہار جمع کرانے کے بعد رسید ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کے حوالے کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ترک خاتون اول کی جانب سے پاکستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے 2010 میں سابق وزیراعظم کو ایک ہار دیا تھا جو گم ہو گیا تھا تاہم معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد سابق وزیراعظم نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہار ان کے پاس ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں