سیلفی جنون سب سے بڑی سیلفی کا ریکارڈ بنانے کی کوششیں

بیک وقت سب سے زیادہ سیلفیز کا ریکارڈ امریکی شہر St. Louis قائم کرچکا ہے


June 28, 2015
سیلفی کا انفرادی رجحان بڑھتے بڑھتے اب اجتماعی اور قومی رجحان کی صورت اختیار کر گیا ہے ۔ فوٹو : فائل

سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس نے جہاں اور بہت سے رجحانات متعارف کرائے ہیں وہاں سیلفی کا جنون بھی ان سائٹس کی بدولت دنیا بھر میں پھیل گیا ہے۔

شادی، بیاہ، تفریح اور میل ملاقات تو رہیں ایک طرف، اب تو عبادات اور اموات کے مواقع پر بھی سیلفیز لی جاتیں اور سوشل میڈیا پر شیئر کی جاتی ہیں۔ سیلفی کا انفرادی رجحان بڑھتے بڑھتے اب اجتماعی اور قومی رجحان کی صورت اختیار کر گیا ہے اور مختلف ممالک کے لوگ سب سے بڑی سیلفی کا ریکارڈ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔حال ہی میں میکسیکو سٹی میں دنیا کی سب سے بڑی سیلفی کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس طرح کا ریکارڈ بنانے کے لیے اس سے پہلے 2007 میں بھی کاوش کی گئی تھی، جب میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مرکزی چوک پر فوٹرگرافر Spencer Tunick نے 18ہزار افراد پر مشتمل تصویر بنائی تھی۔ ریکارڈ بنانے کی ہوس میں اخلاقی اقدار کو بھی کچل ڈالا گیا تھا۔

ریکارڈ کے لیے میکسیکو کے دارالحکومت میں بنائی گئی حالیہ سیلفی کے لیے میکسیکن نیشنل کلچرل آرگنائزیشن نے مجمع لگانے کا اہتمام کیا تھا، جس میں مختلف اندازوں اور دعووں کے مطابق 3 ہزار سے 10ہزار افراد نے ایک ساتھ سیلفی بنوائی۔ اس ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے امریکا میں بنایا جانے والا ریکارڈ توڑنے کے لیے کوشاں ہیں۔

تاہم گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ کے شمالی امریکا کے پی آر منیجر Kristen Ott اس حوالے سے کہتے ہیں کہ میکسیکو کے باسی جو ریکارڈ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اس کا ٹائٹل ہولڈر فی الحال کوئی نہیں۔ دوسرے میکسیکو میں بنائی گئی اس تصویر کے بارے میں ابھی واضح نہیں کہ یہ کس ٹائٹل کے لیے بنائی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بیک وقف یا کسی ایک ہی موقع پر سب سے زیادہ سلیفیز بنانے کا ٹائٹل موجود ہے، جس کا حق دار امریکا کی ریاست میسوری کا شہر St. Louis قرار پایا تھا۔ یہ سلیفز 2015میں ایک اسٹیڈیم میں بنائی گئی تھیں۔ اس موقع پر 4 ہزار 296 افراد نے بہ یک وقت سیلفیز بناکر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ چناں چہ، Kristen Ott کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ افراد پر مشتمل سیلفی کا اعزاز میکسیکو کو مل سکتا ہے۔

اس سے قبل اجمتاعی سیلفیز بنائی جاتی اور شہرت پاتی رہی ہیں، جن میں 2014 کی آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ہالی وڈ کے اداکاروں کی بنائی ہوئی سلیفی اور اسی سال نومبر میں بنگلادیش میں بنائی جانے والی ایک ہزار 151 افراد کی اجتماعی سیلفی شامل ہیں۔یوں سیلفی جو سوشل میڈیا کی دنیا کا کلچر بن چکی ہے اب ریکارڈز کی دنیا میں بھی سامنے آنے کو ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔