افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے 037فیصد کمی

13 اشیابشمول آلو،چینی،کیلے،دال چنا، چائے کی پتی،گڑ، گندم کی قیمتوں میں اضافہ


Business Desk June 28, 2015
ٹماٹر،مرغی،پیاز،دال مونگ،ایل پی جی،لہسن، گھی، تیل،انڈے سمیت 11 اشیا سستی فوٹو: فائل

پاکستان میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے پر مبنی افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.37 فیصد کمی دیکھی گئی۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 25 جون 2015 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے افراط زر کی شرح میں 0.25 فیصد کمی ہوئی جبکہ 12 ہزار روپے تک ماہانہ آمدن والوں کے لیے افراط زر کی شرح میں 0.31 فیصد، 18ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.35 فیصد، 35ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.39 فیصد اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.41 فیصد کمی ہوئی۔

پاکستان بیوروشماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.43 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق 25جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں آلو کی قیمت 3.35فیصد کے اضافے سے 27.14 روپے فی کلو، چینی3.30 فیصد کے اضافے سے 64.73 روپے فی کلو، کیلے 3.18 فیصد کے اضافے سے 102.52 روپے فی درجن، دال چنا 1.38 فیصد کے اضافے سے 101.30روپے فی کلو، چائے کی پتی1.05فیصد کے اضافے سے 154.77 روپے فی 200گرام، گڑ 0.88 فیصد کے اضافے سے 90.56 روپے فی کلو، گندم 0.79فیصد کے اضافے سے 327.04 روپے فی 10کلو، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی 0.38 فیصد کے اضافے سے 270.17 روپے فی کلو، دال ماش0.37فیصد بڑھ کر 183.81 روپے فی کلو اور آٹے کی قیمت 0.20 فیصد کے اضافے سے 376.45 روپے فی 10کلو ہوگئی جبکہ سگریٹ، پرنٹڈ لان اور گائے کے ہڈی والے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 11اشیائے ضروری کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر14.66فیصد کمی سے 52.05 روپے فی کلو، زندہ مرغی 10.04فیصد کی کمی سے 170.42 روپے فی کلو، پیاز 3.58 فیصد کمی سے 45.01 روپے فی کلو، دال مونگ 0.87 فیصد کمی سے 167.64 روپے فی کلو، ایل پی جی0.49 فیصد کمی سے 1071.06 روپے فی گھریلو سلنڈر (11 کلو)، لہسن 0.45 فیصد کمی سے 143.64 روپے فی کلو، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.41 فیصد کمی سے 141.42 روپے فی کلو، دال مسور 0.31 فیصد کمی سے 142.43 روپے فی کلو، گھی (ٹن) 0.26 فیصد کمی سے 457.59 روپے فی ڈھائی کلو، پکانے کاتیل (ٹن) 0.25 فیصد کمی سے 465.24 روپے فی ڈھائی لیٹر اور انڈے 0.12 فیصدکمی سے 83.94 روپے فی درجن ہوگئے، اس کے علاوہ باسمتی ٹوٹا چاول اور بریڈ سمیت 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں