ورلڈ ہاکی لیگ گرین شرٹس آج فرانس سے نبرد آزما ہوں گے

دونوں سائیڈزکی کوارٹر فائنل میں پہلے ہی رسائی کے سبب مقابلہ رسمی کارروائی بن گیا


Sports Reporter June 28, 2015
دونوں سائیڈزکی کوارٹر فائنل میں پہلے ہی رسائی کے سبب مقابلہ رسمی کارروائی بن گیا فوٹو :فائل

ورلڈ ہاکی لیگ میں گرین شرٹس اتوار کو آخری گروپ میچ میں فرانس سے نبردآزما ہوں گے، دونوں ٹیمیں پہلے ہی کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں، پاکستان پول اے میں تیسرے اور فرانس چوتھے نمبر پر ہے، ناکامی قومی اسکواڈ کو ایک درجے نیچے دھکیل سکتی ہے جبکہ فرنچ سائیڈ تیسرے نمبر پر آجائے گی۔

کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ بھارت سے میچ ماضی کا حصہ بن چکا،اب ہماری تمام تر نظریں کوارٹر فائنل پر ہیں، کوشش ہوگی کہ ناک آئوٹ مقابلے سے پہلے فرانس کو بڑے مارجن سے شکست دے کر اعتماد بڑھا لیں۔ ٹورنامنٹ میں اتوار کو آسٹریلیا اور بھارت کا سامنا بھی ہوگا، ملائیشین سائیڈ انگلش اسکواڈ سے ٹکرائے گی، آئرلینڈ اور بیلجیئم بھی آمنے سامنے آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ کا پہلا مرحلہ اتوار کو ختم ہو جائے گا،میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر10ٹیمیں شریک ہیں،گروپ اے میں پاکستان کے ساتھ آسٹریلیا، بھارت، پولینڈ اور فرانس جبکہ بی میں ملائیشیا، آئرلینڈ، انگلینڈ، بیلجیئم اور چین موجود ہیں۔ لیگ کا حصہ بننے والی تمام ٹیمیں اپنے گروپ کا آخری میچ اتوار کو کھیلیں گی۔ پہلا مقابلہ گرین شرٹس اور فرانس کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے ہوگا، ٹیم اب تک3 میچز میں صرف ایک کامیابی حاصل کرسکی ہے۔

اس کے باوجود اسے کوارٹر فائنل میں رسائی مل گئی ، گرین شرٹس نے پولینڈ کو3-2 سے ہرایا،آسٹریلیا کے خلاف اسے1-6سے شکست کا سامنا کرنا پڑاجبکہ بھارت سے مقابلہ2-2 سے ڈرا ہوگیا۔ فرانس کے خلاف میچ رسمی کارروائی ہے تاہم نتیجہ کوارٹر فائنل میں حریف سائیڈ کا تعین کرے گا، اگر گرین شرٹس ہار گئے تو گروپ اے میں چوتھے نمبر پر چلے جائیں گے، یوں گروپ بی کی ٹاپ ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ اتوار کو دیگر میچز میں ملائیشیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا، بھارت عالمی چیمپئن آسٹریلیا جبکہ بیلجیئم آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گا۔ کوارٹر فائنلز یکم جولائی کو ہوں گے، سیمی فائنلز 3 جبکہ فائنل 5 جولائی کو شیڈول ہے۔

دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے گذشتہ روز بھی بھرپور ٹریننگ کی، ابتدائی جسمانی مشقوں کے بعد کوچز نے پلیئرز کو گول مسنگ پر قابو پانے کی بھر پور پریکٹس کرائی، بعد ازاں ٹیم میٹنگ میں کھلاڑیوں کو گذشتہ میچز میں سامنے آنے والی خامیوں کی نشاندہی کے ساتھ ان پر قابو پانے کیلیے پریکٹس کرائی گئیں۔ پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں کے کوچز گرین شرٹس کے اولمپکس 2016ء میں کوالیفائی کرنے کے لیے پر امید ہیں، بھارتی کوچ پائول وین نے کہاکہ انٹرنیشنل ہاکی کا رنگ روایتی حریفوں کے بغیر پھیکا لگتا ہے، بھارت کے ساتھ گرین شرٹس بھی میگا ایونٹ کا حصہ بنے تو شائقین کو زیادہ پُرلطف مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔

یاد رہے کہ 1948سے شروع ہونے والے اولمپکس گیمز میں ہر بار پاکستانی ٹیم نے شرکت کی ہے بلکہ اسے 3گولڈ میڈل جیتنے کا بھی اعزاز حاصل ہے،بھارتی ٹیم صرف ایک بار 2008ء کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تھی۔ پاکستانی چیف کوچ شہناز شیخ پُرامید ہیں کہ اسکواڈ اس بار بھی میگا ایونٹ کا حصہ ضرور بن جائے گا، انھوں نے کہا کہ ورلڈ لیگ میں کوارٹر فائنل میچ کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے، پُر امید ہوں کہ فیصلہ کن مقابلہ جیت کر ہم اولمپکس کیلیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

قومی کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ ماضی کا حصہ بن چکا، تمام تر نظریں کوارٹر فائنل پر مرکوز ہیں، ہم کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔ برسلز سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ خاصا جاندار رہا، اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں سمیت دونوں ممالک کے لاکھوں عوام سنسنی خیز میچ سے لطف اندوز ہوئے، بیلجیئم کے شہریوں نے میچ کو انتہائی شاندار قرار دیا، انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ روایتی حریف کے خلاف میچ ہمیں ہر حال میں جیتنا چاہیے تھا، اب مجھ سمیت تمام پلیئرز کی اگلی نظریں کوارٹر فائنل پرمرکوز ہیں،فیصلہ کن مقابلے میں ملائیشیا، انگلینڈ یا بیلجیئم جس سے بھی مقابلہ ہو فرق نہیں پڑتا، ہماری تمام ترنظریں اولمپک کے لیے کوالیفائی کرنے پر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |