اسکواش پاکستان ایک اورانٹرنیشنل ایونٹ کا میزبان

یکم اکتوبر سے اسلام آباد میں شیڈول ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک

یکم اکتوبر سے اسلام آباد میں شیڈول ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک ہونگے ۔فوٹو : فائل

پاکستان کو ایک اور بڑے انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کی میزبانی مل گئی، 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کا پی ایس اے ایونٹ یکم اکتوبر سے مصحف علی کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس پاکستان نے 6 سال بعد کسی بڑے انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز پایا تھا، اسلام آباد میں منعقدہ اس ایونٹ میں کئی غیر ملکی کھلاڑی شریک ہوئے، فائنل میں مصر کے المغید نے میزبان کھلاڑی عامر اطلس خان کو شکست دی تھی، انٹرنیشنل اسکواش فیڈریشن نے گذشتہ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو ایک اور بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپ دی، اس کا سہرا قومی اسکواش فیڈریشن حکام کے سر ہے، ان کی کوششوں سے ملک میں کورٹس آباد ہوگئے ہیں۔


پی ایس ایف کے سیکریٹری عامر نواز کے مطابق ایک اور بڑے سکواش ٹورنامنٹ کی میزبانی ملنا اعزاز کی بات ہے،کوشش ہوگی کہ اس بار بھی گذشتہ برس کی طرح سرخرو رہیں۔

انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں میں آگے بڑھنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے، اس سے کئی ایسے پلیئرز بھی سامنے آتے جو آنکھوں سے اوجھل ہوتے ہیں، گذشتہ برس عباس شوکت سمیت کئی جونیئرز ابھر کر سامنے آئے،امید ہے کہ اس بار بھی ایسا ہی ہوگا اور پاکستان کو کئی ہونہار کھلاڑی مل جائیں گے، جو مستقبل میں انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد ملک کو ماضی کے سنہری کارناموں کی جانب لوٹایا جائے، پلیئرز نے محنت جاری رکھی توہدف کا حصول مزیدآسان ہوجائے گا۔
Load Next Story