لاہور میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام فورسز کیساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک

کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنایا جارہا تھا جو ناکام بنادیا گیا، وزیر داخلہ پنجاب

ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹس، راکٹ لانچر، کلاشنکوف اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ فوٹو: فائل

کالا شاہ کاکو میں حساس اداروں اور پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رات دیر گئے حساس اداروں اور پولیس نے لاہور میں کالا شاہ کاکو کی پٹھان کالونی میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی تو ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا۔ ملزمان کے ساتھ جھڑپ میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جب کہ مقابلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹس راکٹ لانچر، کلاشنکوف، گولیاں، نقشے اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔


پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے کسی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنایا جا رہا تھا جو حساس اداروں اور پولیس نے بروقت ناکام بنادیا۔

 

Load Next Story