لندن میں ’فیشن پریڈ‘

شعیب ملک اور کانیکا کی ریمپ پرواک، پاکستان اوربھارتی ڈیزائنرزکے ملبوسات کی دھوم


Qaiser Iftikhar June 30, 2015
شعیب ملک اور کانیکا کی ریمپ پرواک، پاکستان اوربھارتی ڈیزائنرزکے ملبوسات کی دھوم۔ فو

پاکستان فیشن انڈسٹری کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتی ہوئی بڑی تیزی کے ساتھ دیارغیرتک پہنچ رہی ہے۔ ایک طرف تو ہمارے ڈیزائنرز کے ملبوسات، رنگوں کا امتزاج اور ڈیزائن مغربی ممالک میں بسنے والوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں تو دوسری جانب ہمارے پڑوسی ملک سے تعلق رکھنے والے ڈیزائنرزبھی اب مل کرکام کرنے کوترجیح دے رہے ہیں۔

اس کی بہترین مثال چند روزقبل برطانیہ کے شہرلندن میں ہونے والی '' فیشن پریڈ '' سے ملتی ہے۔ جہاں پاکستانی فیشن ڈیزائنرز کے ہمراہ بھارت کے معروف ڈیزائنرزنے بھی اپنے ملبوسات متعارف کروائے ، بلکہ مستقبل میں مزید پراجیکٹس ایک ساتھ کرنے کی بات بھی کرڈالی۔ اس موقع پرجہاں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک، اظہرمحمودموجود تھے، وہیں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے گلوکارہ کانیکا کپور(بے بی ڈول فیم) ، سہیل سیٹھ اور اوزی شاہ کے علاوہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات بھی شومیں موجود تھیں۔ لندن کی ''ساچی گیلری'' میں منعقدہ '' فیشن پریڈ '' میں اس مرتبہ پاکستان سے معروف ڈیزائنرسیدہ عمارا، سحرترین، اریبا آصف، ریما، رانی امان، علی ذیشان، حرا شاہ جبکہ بھارت سے ڈریس ڈیزائنرزمیں آشنی، انامیکا کھنہ اورجوتی چنڈوک قابل ذکرتھیں۔

https://img.express.pk/media/images/London/London.webp

اس موقع پرفیشن پریڈ کے لئے ماضی کی طرح ایک خوبصورت ریمپ تیارکیا گیا جبکہ شوکے آغاز سے قبل ریڈکارپٹ پربھی شرکاء کے دیدہ زیب ملبوسات نے تقریب کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ سیلبرٹیز کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی خوبصورت پیراہن زیب تن کئے تقریب میں شریک ہوئے اوراس طرح کے ایونٹس کے انعقاد پرمنتظمین کوشاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے رہے۔ جونہی پاکستانی کرکٹرشعیب ملک، اظہر محمود، گلوکارہ کانیکا کپور، سہیل سیٹھ، اوزی شاہ ریڈکارپٹ پرپہنچے توشرکاء کی بڑی تعداد ان کے ساتھ تصاویربنوانے کے علاوہ آٹوگراف لینے لگی۔

فیشن پریڈ 2015ء کا باقاعدہ آغازشیڈول کے مطابق ساچی گیلری میں ہوا توپھرپاکستان اوربھارت کے معروف ڈیزائنرز کے تیارکردہ مشرق اورمغربی اندازکے ملبوسات کے ساتھ ماڈلز ریمپ پرجلوہ گرہونے لگیں۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ماڈلز نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ منفردرنگوں میں تیارکردہ ملبوسات کو متعارف کروایا اورخوب داد حاصل کی جبکہ شعیب ملک اور کانیکا کپور کی ریمپ پر آمد نے تو تقریب کوچارچاند لگا دیئے، ہال تالیوں سے گونج اٹھا اورسب نے مل کردونوں کا بھرپوراستقبال کیا۔خاص طورپرجب پاکستانی ڈریس ڈیزائنر علی ذیشان کے ملبوسات ریمپ پرمتعارف کروائے گئے اور وہ خود ریمپ پرآئے توسماں دیدنی تھا۔اس موقع پرحاضرین نے ان کے انداز کوبہت سراہا۔

https://img.express.pk/media/images/London2/London2.webp

فیشن پریڈ کا یہ میلہ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی لوگوں کی توجہ کامرکز بنا رہا بلکہ مغربی ممالک میں پاکستان اوربھارتی ڈیزائنرزکے ملبوسات کی دھوم میڈیا کی وجہ سے مچی رہی۔ اس موقع پربرطانیہ سے فون پربات کرتے ہوئے ڈیزائنرعلی ذیشان نے ''ایکسپریس'' کوبتایاکہ '' فیشن پریڈ'' ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے جس کے ذریعے جہاں مجھے اپنی صلاحیتوں کے بھرپوراظہارکا موقع ملا ہے وہیں پاکستان کے خوبصورت کلچرکوبھی ہم نے اچھے اندازسے متعارف کروایا ہے۔

یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جس نے ہمیں امن، دوستی، بھائی چارے کاپیغام دنیا بھرمیں پہنچانے کا موقع دیا ہے۔ میں اب تک بہت سے فیشن ایونٹس میں حصہ لے چکا ہوں لیکن جومزہ مجھے ''فیشن پریڈ'' کا حصہ بن کرآیا ہے وہ اس سے پہلے نہیں آسکا۔ بھارتی ڈیزائنرجوتی چنڈوک نے کہا کہ فیشن ورلڈ میں ویسے تومغربی ڈیزائنرز کا راج ہے لیکن اب بھارت اورپاکستان کے نوجوان ڈیزائنرزبھی انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی جگہ بنارہے ہیں۔ 'فیشن پریڈ' میں پاکستانی ڈیزائنرز کا کام دیکھ کربہت اچھا لگا اورمجھے امید ہے کہ بہت جلد ہم لوگ مل کرفیشن ورلڈ میں اپنی ایک منفردشناخت بنالیں گے۔

https://img.express.pk/media/images/London1/London1.webp

ڈیزائنرسحرترین نے کہا کہ برطانیہ میں ہونے والی فیشن پریڈ کی مناسبت سے ملبوسات ڈیزائن کئے لیکن کبھی سوچانہ تھا کہ اتنا اچھا رسپانس ملے گا۔ شرکاء کے علاوہ بھارتی ڈیزائنرز نے بھی میرے ملبوسات کو بہت پسند کیا ،جومیرے لئے کسی بھی بڑی کامیابی سے کم نہیں ہے۔ انسائیکلومیڈیا کی روح رواں عمارا حکمت نے کہا کہ چند برس قبل جب برطانیہ میں فیشن پریڈ کا انعقاد کیا جارہا تھا توہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ آئندہ برس لوگ اس ایونٹ کا انتظارکرینگے۔ لوگوںکی بھرپوراندازسے شرکت اورخاص طورپرشعیب ملک، اظہرمحمود اورکانیکا کپور جیسے سٹارز کی آمدنے اس ایونٹ کوچارچاند لگادیئے ہیں۔ میں اس موقع پرپاکستان فیشن انڈسٹری کومبارکباد پیش کرتی ہوں اورامید کرتی ہوں کہ ہمارے باصلاحیت ڈیزائنرز اسی طرح اپنے کام کی بدولت دیارغیرمیں پاک وطن کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ فیشن پریڈ میں میک اپ اور ہیئرسٹائلنگ کے فرائض عامر اورعمبرین نے انجام دیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |