کرپشن الزامات پر بھارت نے کرکٹرز کو خود ہی کلین چٹ تھما دی

کونسل نے رائنا، جڈیجا اوربراوو کے بارے میں کچھ نہیں بتایا مطلب وہ بے قصور ہیں، ٹھاکر


Sports Desk June 30, 2015
کیس کی فائل بند ہوچکی تاہم تازہ شواہد ہوئے تو دوبارہ کھول سکتے ہیں، آئی سی سی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرپشن الزامات کے شکار کرکٹرز کو خود ہی کلین چٹ تھما دی، بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ آئی سی سی نے ہمیں سریش رائنا، رویندرا جڈیجا اور ڈیوائن براوو کے بارے میں کچھ نہیں بتایا اس کا مطلب وہ بے قصور ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس کیس کی فائل بند ہوچکی، تازہ شواہد ہوئے تو دوبارہ کھول سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کی جانب سے چنئی سپر کنگز میں شامل تین انٹرنیشنل کرکٹرز سریش رائنا، جڈیجا اور ڈیوائن براوو پر ایک بلڈرسے فلیٹ اوررقومات حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا، انھوں نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کے نام اکتوبر 2013 میں لکھے گئے خط میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ مذکورہ بلڈر مبینہ طور پر ایک بکی ہے، اس نے آئی پی ایل فرنچائز خریدنے کی بھی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا تھا۔

کونسل نے تقریباً 2 برس گزرنے کے باوجود اس خط پر کوئی ردعمل نہیں دیا،جب ٹویٹر پر دوبارہ یہ معاملہ اٹھا تو ترجمان نے گذشتہ دنوں تسلیم کیا کہ انھیں للت مودی کا خط موصول ہوا جسے طریقہ کار کے تحت اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کو بھیجا جا چکا ہے۔ ایک بھارتی ٹی وی کو آئی سی سی کے ذرائع نے بتایا کہ ان تینوں کھلاڑیوں کے خلاف فکسنگ الزامات عائد نہیں کیے گئے، یہ کیس اب بند ہوچکا لیکن اگر تازہ شواہد سامنے آئے تو اسے کھولا جاسکتا ہے۔

ادھر بی سی سی آئی نے از خود ہی ان تینوں کھلاڑیوں کو کلین چٹ بھی تھما دی، سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کہتے ہیں کہ آئی سی سی نے ہمیں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا، اگر انھیں کچھ شواہد ملے ہوتے تو ہمیں آگاہ کرتے، اس کا مطلب یہ ہے کہ کھلاڑی بے قصور ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں