کراچی حصص مارکیٹ کاروباری ہفتے کاتیزی سے آغاز

فری فلوٹ کیپٹلائزیشن انڈیکس کامثبت اثر،انڈیکس52پوائنٹس بڑھ کر 15747ہوگیا

مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا جس سے انڈیکس کی 15700 کی حد بحال ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میںکاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر سے فری فلوٹ مارکیٹ کیپٹلائزیشن انڈیکس متحرک ہونے سے حصص کی تجارت پرمثبت اثرات مرتب ہوئے۔

مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا جس سے انڈیکس کی 15700 کی حد بحال ہوگئی، تیزی کے باعث46.26 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں18 ارب92 کروڑ27 لاکھ66 ہزار744 روپے کا اضافہ ہوا، ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر37 لاکھ 12 ہزار814 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا اورآئل اسٹاکس میں پرافٹ ٹیکنگ کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔


کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے13 لاکھ95 ہزار597 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے22 لاکھ20 ہزار71 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے97 ہزار146 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس کا بیشتر حصہ سیمنٹ سیکٹر کے اسٹاکس میں لگایا گیا اور انہی عوامل کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ فری فلوٹ انڈیکس متعارف ہونے کے پہلے دن ہی مارکیٹ رجحان اچھا رہا کیونکہ اس نئے انڈیکس سسٹم کے تحت مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا تعین انڈیکس اور حصص کی ویلیوکی بنیاد پر ہوگیا ہے۔

تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس52.69 پوائنٹس کے اضافے سے 15746.90 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس23.84 پوائنٹس اضافے سے 12927.22 اور کے ایم آئی30 انڈیکس62.55 پوائنٹس کے اضافے سے 27686.77 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 27.60 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر8 کروڑ18 لاکھ92 ہزار10 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار335 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں155 کے بھائو میں اضافہ 153 کے داموں میں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story