معیارات متعارف کرانے سے توانائی بحران کم ہوسکتاہے

پاکستان اوربھارت میںمعیارات کے متعلق معاہدے سے برآمدات میںاضافہ ہو گا، وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

یورپی ممالک توانائی کے معیارات پر عملدرآمد کے ذریعے 20فیصد تک توانائی کی بچت کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چنگیز خان جمالی نے کہاہے کہ توانائی کے شعبے کیلیے قومی معیارات متعارف کرانے سے توانائی کے بحران کوکم کیا جاسکتا ہے۔


یورپی ممالک توانائی کے معیارات پر عملدرآمد کے ذریعے 20فیصد تک توانائی کی بچت کررہے ہیں۔ یہ بات انھوں نے فیڈریشن ہائوس میں ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سے عالمی یوم معیارات کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہاکہ معیارات پر عمل درآمد کرکے معاشی ترقی کی رفتار تیزکی جاسکتی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان حال ہی میں معیارات سے متعلق معاہدہ ہوا ہے جس سے بھارت کو پاکستانی سیمنٹ اور دیگر مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا

ایکسپورٹرز کی سہولت کیلیے سیالکوٹ میں پی ایس کیو سی اے کا دفتر قائم کردیا گیا ہے جو برآمدات میں اضافے کیلیے معاون ثابت ہوگا۔ سیمینار سے پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر جنرل پیر بخش جمالی اورڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شہزاد افضل نے بھی خطاب کیا اور پی ایس کیو سی اے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر بیگم سلمیٰ احمد نے کہاکہ فریش فروٹ، فوڈ پراسیسنگ اور کاٹن جننگ کے شعبے میں کارکردگی کو بہتر بناکرپیداوار کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔ سیمینار سے صارفین کے حقوق کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور پی ایس کیوسی اے کوخراج تحسین پیش کیا۔
Load Next Story