بلدیاتی نظام کیخلاف قوم پرستوں کا یوم سوگ ریلیاں و مظاہرے

بعض علاقوں کے بازار بند، گرفتاریوں پر ٹنڈو محمد خان میں مکمل ہڑتال، گاڑیوں پر پتھرائو.

جلسے کے قافلوں پر گندے انڈے اور ٹماٹرپھینکے گئے، قاسم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ. فوٹو:فائل

سندھ بچائو کمیٹی کے یوم سوگ اور سندھ بھر میں قوم پرست رہنمائوں کی گرفتاریوں کے خلاف

پیر کے روز سندھ کے بعض علاقوں میں بازار بند رہے جبکہ نئے بلدیاتی نظام کے خلاف قوم پرست جماعتوں نے حیدرآباد اور اندرون سندھ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔گرفتاریوں کے خلاف ٹنڈو محمد خان میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی، نامعلوم افراد نے پتھرائو کر کے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔ نوابشاہ کے کچھ علاقوں میں جزوی طور پر دکانیں بند رہیں ۔ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکانیں بند کرا دیں، جب کہ بدین، سانگھڑ، میرپورخاص سمیت دیگر شہروں میں کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا۔


تاہم سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم نظر آیا۔ حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے سندھ بچائوکمیٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا، دوسری جانب ضلع تھرپارکر کے شہر مٹھی میں سندھ بچائوکمیٹی نے ڈگری کالج سے سیاہ جھنڈے اٹھا کر احتجاجی ریلی نکالی اور کشمیر چوک پر دھرنا دیا۔ ٹنڈومحمدخان میں ترقی پسند ہائوس سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور محمدی چوک پر دھرنا دیا۔

ڈگری میں ایس ٹی پی نے محمدی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ٹھٹھہ میں پی پی کے قافلوں کی حیدرآباد جلسہ عام کیلیے روانگی کے موقع پر قوم پرست جماعتوں کے کارکنان نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے، جب کہ نوکوٹ سے جلسہ عام میں شرکت کیلیے جانیوالے قافلوں پر قوم پرست کارکنان نے گندے انڈے اور ٹماٹر برسائے اور شیم شیم کے نعرے لگائے۔ بدین کے علاقے نندو شہر میں سندھ ترقی پسند پارٹی نے بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔
Load Next Story