ورلڈ ہاکی لیگ گرین شرٹس کیلیے رہی سہی ساکھ بچانے کا آج آخری موقع

کپتان پانچویں پوزیشن کا حصول ممکن بناتے ہوئے اولمپکس کی امیدیں برقرار رکھنے کے خواہشمند

کپتان پانچویں پوزیشن کا حصول ممکن بناتے ہوئے اولمپکس کی امیدیں برقرار رکھنے کے خواہشمند فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ ہاکی لیگ میں گرین شرٹس کیلیے رہی سہی ساکھ بچانے کا جمعے کو آخری موقع ہوگا، پلے آف میچ میں ٹیم آئرلینڈ سے نبردآزما ہو گی، فتح کی صورت میں پانچویں پوزیشن کیلیے فرانس یا ملائیشیا کے مقابلے کی کامیاب سائیڈ سے ٹکرانا ہوگا۔

پاکستانی کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اولمپکس میں رسائی کیلیے ہر ممکن کوشش کی لیکن تمام تدبیریں رائیگاں گئیں، اب بقیہ دونوں میچز جیت کر پانچویں نمبر پر رہنے کی کوشش کریں گے تاکہ برازیل کا ٹکٹ پانے کی امیدیں برقرار رہیں ۔ دوسری طرف ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز بھی جمعے کو ہی شیڈول ہیں، پہلے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جبکہ دوسرے میں بھارتی سائیڈ میزبان بیلجیئم کیخلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز ایونٹ اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا، سیمی فائنلز اور پوزیشن میچز جمعے کو کھیلے جائیں گے۔


انگلینڈ کیخلاف کوارٹر فائنل1-2 سے ہار کر ریو اولمپکس کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے سے محروم رہنے والی پاکستانی ٹیم کا پلے آف میچ میں آئرلینڈ سے مقابلہ ہوگا، دوسرے میچ میں فرانس اور ملائیشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، ان میچزکی کامیاب سائیڈز کے مابین پانچویں پوزیشن کا میچ 5 جولائی کو کھیلا جائے گا، ناکام ٹیمیں ساتویں نمبر کیلیے آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی مدہم سی امید برقرار ہونے پر پاکستانی حوصلے اب تک جواں ہیں،کپتان محمد عمران نے کہاکہ ٹیم نے اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن بدقسمتی سے مطلوبہ ہدف حاصل نہیں کرسکے،انھوں نے کہا کہ پانچویں پوزیشن کے حصول سے ایونٹ تک پہنچنے کی امید نے کھلاڑیوں کو ایک بار پھر پُرجوش کردیا ہے،آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد فرانس یا ملائیشیا سے بھی مقابلہ جیتنا چاہیں گے۔ محمد عمران نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں ابتدائی کوارٹر میں ناقص کھیل کا خمیازہ ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑا، آخری کوارٹر میں کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی لیکن کئی مواقع ملنے کے باوجود مقابلہ برابر نہیں کرپائے۔

ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز کا فیصلہ بھی جمعے کو ہی ہونا ہے،پہلا میچ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا، دوسرے مقابلے میں بھارتی سائیڈ بیلجیئم کیخلاف میدان میں اترے گی۔ یاد رہے کہ چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیمیں اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں، بھارت نے ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر پہلے ہی رسائی حاصل کرلی تھی، اس لیے اب ورلڈ لیگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی سائیڈ بھی میگا ایونٹ میں پہنچ جائے گی۔
Load Next Story