ورلڈہاکی لیگ میں آئرلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان اولمپکس کی دوڑ سے باہر

ہاکی لیگ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 0-1 سے شکست دے کر ایونٹ سے بھی باہر کردیا


ویب ڈیسک July 03, 2015
آئر لینڈ کے اولمپک کھیلنے کی امید روشن ہوگئی جسے اب پانچویں پوزیشن کے لیے ملائیشیا یا فرانس سے مقابلہ کرنا ہوگا، فوٹو:فائل

ورلڈ لیگ ہاکی کے اہم میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی جب کہ پاکستان اس شکست کے بعد اپنی تاریخ میں پہلی بار اولپمکس کھیلنے سے بھی محروم ہوگیا۔

بیلجیم کے شہر اینٹروپ میں کھیلے گئے اہم ترین میچ میں پاکستان نے کھیل کا آغاز تیزی سے کیا اور آئر لینڈ کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے تاہم ٹیم کے فارورڈز ایک بھی موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے جب کہ آئر لینڈ کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہر کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے۔ کھیل کے دوران پہلے 3 کوارٹر تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں تاہم چوتھے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں آئر لینڈ کے فارورڈ ایلن ساودرن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جس کے بعد گرین شرٹس نے گول کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن قسمت کی دیوی ان پر مہربان نہ ہوئی۔

جب ریفری نے کھیل کے خاتمے کا اعلان کیا توآئرلینڈ کو پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل تھی جب کہ پاکستان کی جانب سے کوئی گول بھی نہ ہوسکا جس کے باعث قومی ٹیم کو 0-1 سے شکست ہوئی اور اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس کے ریو ڈی جینیرو 2016 کے اولمپک کھیلنے کے امکانات بھی ختم ہوگئے لیکن اس فتح کے ساتھ آئر لینڈ کے اولمپک کھیلنے کی امید روشن ہوگئی جسے اب پانچویں پوزیشن کے لیے ملائیشیا یا فرانس سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم 1948 سے اولمپک مقابلوں کا حصہ رہی ہے اور 67 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اولمپک کا حصہ نہیں ہوگا جب کہ گرین شرٹس نے آخری بار 1984 میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جس کے بعد سے پاکستان اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل نہ کرسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔